سچ خبریں:سابق صیہونی وزیر اعظم نے تل ابیب کی صورتحال پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں ہر چیز تباہ ہو رہی ہے۔
شکست خوردہ اور سابق صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریفوں پر تل ابیب کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا، نیتن یاہو نے اپنی تقریر میں موجودہ عبوری وزیر اعظم یائر لاپڈ اور ان کے سابق سیاسی ساتھی بینی گانٹز پر روس کے بارے میں دشمنانہ بیان بازی سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔
نیتن یاہو نے منگل کو ایک لائیو خطاب میں کہا کہ روس کے ساتھ قریبی فوجی ہم آہنگی کی ان کی میراث تباہ ہو رہی ہے،اس حوالے سے صیہونی حکومت کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے اس بات کی فکر ہے کہ ہم نے گزشتہ برسوں میں جو کچھ بھی حاصل کیا ہے وہ ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو جائے گا، ہر چیز کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
تل ابیب کے سابق وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ گینٹز اور لیپڈ کا طرز عمل ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈل رہا ہے،اگر بحران فوری طور پر ختم نہ ہوا تو ہماری سلامتی کو بہت زیادہ نقصان پہنچے گا، یاد رہے کہ ماسکو کی جانب سے یہودی ایجنسی کی سرگرمیوں پر پابندی کے فیصلے کے بعد صیہونی حکومت اور روس کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔