سچ خبریں:کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ کریملن مستقبل میں جھوٹی خبروں کے لیے جعلی خبروں کی بجائے "بلومبرگ نیوز” کی اصطلاح استعمال کر سکتا ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ کریملن اب جھوٹی خبروں کے لیے ’جعلی خبروں‘ کے بجائے ’بلومبرگ نیوز‘ کی اصطلاح استعمال کر سکتا ہے،یادرہے کہ گزشتہ روز بلومبرگ نیوز نے "روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا” کی سرخی کے ساتھ ایک خبر شائع کی اور اسے آدھے گھنٹے بعد مٹا دیا، اس کے بعد دعویٰ کیا گیا کہ یہ سرخی پہلے لکھی گئی تھی اور غلطی سے شائع ہوئی۔
پیسکوف نے کہا کہ بلومبرگ کی غلط رپورٹ جارحانہ بیانات کے خطرے کو واضح کرتی ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ جب واشنگٹن لندن اور دیگر یورپی حکومتوں کے نہ ختم ہونے والے جارحانہ بیانات سے اشتعال میں آتا ہے تو یہ صورتحال کتنی خطرناک ہوتی ہے، انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ایجنسی کی جھوٹی سرخی اشتعال انگیز ہے، اس بات پر زور دیا کہ تناؤ والے حالات میں ایک چنگاری بھی خطرناک ہو سکتی ہے۔
یادرہے کہ اس سے قبل، نیوز میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ امریکہ میں روس کے سفیر اناتولی انتونوف نے واشنگٹن میں روسی سفارت خانے کے فیس بک پیج پر لکھا تھاکہ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ روس یوکرائن میں جعلی فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، یہ انٹیلی جنس جنگ کا حصہ ہے۔