اسلام آباد {سچ خبریں} وزیر اعظم عمران خان نے آج توانائی کے امور سمیت کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں سے متعلق دو اہم اجلاس طلب کرلیے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں سے متعلق اجلاس آج دن 3 بجے طلب کیا گیا ہے۔
پرائس کنٹرول اجلاس میں وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز کی بھی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں توانائی کے امور پر دوسرا اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا، اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونین اور دیگر حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں ایل این جی کے نظرثانی شدہ معاہدوں پر بھی بات چیت ہوگی۔
اجلاس میں آئی پی پیز سمیت بجلی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان اجلاس میں اہم ہدایات دیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس بھی آج شام 5 بجے بلایا ہے، اجلاس میں سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، جلاس میں گائیڈ لائنز دی جائیں گی۔