سچ خبریں:فلسطینی قیدی صیہونی حکومت کی جیلوں میں اپنے مشکل حالات بالخصوص عارضی نظربندی کے خلاف احتجاجاً اٹھارہ جون سے اجتماعی بھوک ہڑتال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
صیہونی غاصب حکومت کی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کا مسئلہ عصر حاضر میں انسانی حقوق کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جسے بدقسمتی سے مغربی ممالک کی دوہرے معیار کی پالیسی کے تحت نظر انداز کیا جاتا ہے جبکہ 1948 میں فلسطین پر قبضے کے آغاز کے بعد سے صیہونی حکومت نے فلسطینیوں کی گرفتاری اور اسیری کے ہتھیار کو ان کی جدوجہد کو روکنے کے لیے قتل عام، جلاوطنی اور نقل مکانی جیسے دیگر طریقوں کے ساتھ استعمال کیا ہے۔
یاد رہے کہ صیہونی فوجی حملوں کے شدید خطرات اور ان حملوں کے خلاف بے بسی کے باوجود صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید فلسطینی حالیہ دہائیوں میں کبھی خاموش نہیں رہے بلکہ مختلف حالات میں ہمیشہ اپنی سرزمین کے قابضین کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہے ہیں،حالیہ برسوں میں شہید خضرعدنان جیسے ممتاز فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال جدوجہد کا ایک طریقہ بن گیا ہے جو ان قیدیوں پر ہونے والے ظلم کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں کامیاب رہا ہے،فلسطینی قیدیوں نے ہمیشہ مقبوضہ علاقوں میں اپنی جدوجہد میں اس طریقے کو استعمال کیا ہے تاکہ وہ اپنے حقوق کا ادراک کر سکیں جن کی ضمانت بین الاقوامی اصولوں میں دی گئی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کے اعدادوشمار
فلسطینی قیدیوں کے نگراں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت نے 5000 فلسطینیوں کو حراست میں لیا جن میں سے 31 فلسطینی خواتین دیمون جیل میں قید ہیں اور 160 فلسطینی بچے عوفر، مجدو اور دامون جیلوں میں قید ہیں جبکہ اوسلو معاہدے سے قبل گرفتار ہونے والے معمر ترین قیدیوں میں 23 افراد ہیں جن میں سے محمد الطوس نے قید کا طویل ترین عرصہ گزارا ، وہ 1985 سے صیہونی حکومت کی جیلوں میں ہیں،صیہونی جیلوں میں قید 5000 فلسطینی قیدیوں میں سے 11 کو 2011 کے وفا الاحرار قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے دوران رہا کیا گیا لیکن سنہ 2014 میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا،یہ 11 فلسطینی قیدی اوسلو معاہدے سے قبل حراست میں لیے گئے 23 قیدیوں میں شامل ہیں اور ان میں سب سے معمر نائل برغوثی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے 43 سال صیہونی جیلوں میں گزارے اور ان 43 سالوں میں سے 34 سال لگاتار قید ہیں ،فلسطینی قیدیوں کے نگراں ادارے نے اعلان کیا کہ 1967 سے اب تک اسرائیلی جیلوں میں 237 فلسطینی قیدی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس تعداد کے علاوہ جیلوں سے رہا ہونے والے سیکڑوں فلسطینی بھی رہائی کے بعد مہلک بیماریوں کے نتیجے میں موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، اس دوران صیہونی حکومت نے 12 فلسطینی قیدی شہداء کی لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے جن میں سے آخری شہید خضر عدنان ہیں جو جہاد اسلامی تحریک کے کمانڈروں میں سے ایک تھے جبکہ اس وقت بھی صیہونی جیلوں میں 700 فلسطینی قیدی مختلف بیماریوں سے نبرد آزما ہیں جنہیں طبی امداد کی ضرورت ہے، ان بیمار قیدیوں میں سے کم از کم 24 میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
1200 فلسطینی قیدی بغیر کسی مقدمے کے زیر حراست ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کا مطالعہ کرنے والے کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ حال ہی میں قابض حکومت کی جیلوں میں انتظامی قیدیوں (جنہیں بغیر کسی مقدمے کے حراست میں لیا گیا ہے) کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ تقریباً 1200 قیدیوں تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ 34 سالوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے،فلسطین کے اس مرکز نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں انتظامی قیدیوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ سال کے دوران 2400 انتظامی سزائیں سنائی گئی ہیں اور اس سال کے آغاز سے اب تک 1230 سے زائد انتظامی سزائیں سنائی جاچکی ہیں جو اس طرح کے قیدیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہے،یاد رہے کہ انتظامی قیدیوں میں 3 خواتین، 14 نابالغ، دو نائب ، ایک سابق وزیر کے علاوہ کینسر میں مبتلا دو قیدی اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ بھی شامل ہیں۔
نئے انتفاضہ کی خصوصیات کیا ہیں؟
فلسطینی قیدیوں کے نگراں کلب نے اس ہفتے کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ فلسطینی قیدی 18 جون کو آزادی انقلاب کے نعرے کے تحت عارضی حراست کی صہیونی مجرمانہ پالیسی کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کریں گے،عارضی حراست میں قیدیوں کا انتفاضہ شروع ہو گا، اس ملک گیر مہم کا نام فلسطینی قیدیوں کی جدوجہد کی تاریخ میں اپنی اعلیٰ اہمیت کا اظہار کرتا ہے،فلسطینی قیدیوں کی نگراں کمیٹی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ تمام جیلوں میں بند فلسطینی قیدی ملک گیر بھوک ہڑتال پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں، مذکورہ کمیٹی نے نشاندہی کی کہ ان تمام جیلوں میں جہاں فلسطینی قیدیوں کو عارضی حراست میں رکھا گیا ہے، 18 جون سے شروع ہونے والی بھوک ہڑتال میں فلسطینی قیدی شرکت کریں گے۔
خلاصہ
صیہونی جیلوں میں مزاحمت کے لیجنڈ کہے جانے والے شہید خضر عدنان چالیس روز قبل صیہونی جیلوں کی تنظیم کی طرف سے بغیر کسی وجہ کے ان کی نظربندی میں توسیع کے خلاف 86 دن کی بھوک ہڑتال کے بعد شہید ہو گئے ،اپنی وصیت میں انہوں نے فلسطینی عوام اور قیدیوں کی جدوجہد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور لکھا کہ خدا کی طرف سے فتح پر یقین رکھیں،فلسطین خدا کی سرزمین ہے اور یہ ہماری ملکیت ہے جیسے قابضین اپنے جرائم اور جبر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،آپ بھی مایوس نہ ہوں،خدا کی طرف سے فتح قریب ہے۔