کراچی: (سچ خبریں) جڑواں بہن اداکاراؤں ایمن اور منال خان نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں آنے کے بعد کافی عرصے تک ٹی وی دیکھنے والوں سمیت فنکاروں کو بھی اس بات کا احساس نہیں تھا کہ وہ دو الگ الگ لڑکیاں ہیں، انہیں ہر کوئی ایک ہی لڑکی سمجھتا تھا۔
ایمن اور منال خان نے حال ہی میں ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران دونوں بہنوں نے بتایا کہ ان کے والد پولیس میں تھے لیکن انہیں اداکاری کا شوق تھا، اس لیے انہوں نے بیٹیوں کو اداکاری کی اجازت دی۔
ان کے مطابق ان کے والد خود اداکار نہ بن سکے تو انہوں نے بیٹیوں کی کم عمری میں ہی اداکاری کی نہ صرف اجازت دی بلکہ خود انہیں اداکاری کے لیے تیار بھی کرتے تھے۔
ایک سوال پر دونوں نے بتایا کہ انہوں نے 7 یا 8 سال کی عمر میں اشتہارات میں کام کرنے سے کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت تک انہیں اور ان کے والدین کو علم ہی نہیں تھا کہ اشتہارات کے بھی پیسے ملتے ہیں۔
ایمن اور منال خان نے انکشاف کیا کہ ان کے پیسے ملتے تھے لیکن انہیں نہیں دیے جاتے تھے، اشتہارات کرانے والے افراد ان کے پیسے کھا جاتے تھے اور یہ کہ ان کے والدین کو بھی علم نہیں تھا کہ بچوں کو بھی اشتہارات کے پیسے ملتے ہیں۔
دونوں اداکاراؤں کے مطابق بعد ازاں ان کی والدہ نے نوٹ کیا کہ اشتہارات میں بھی بہت سارے لوگ آتے ہیں، ان میں سے سب مفت میں کام تو نہیں کرتے ہوں گے، جس کے بعد ان کے والد نے بھی ان کے کام کے پیسے مانگنا شروع کیے۔
بچپن کا ایک قصہ بیان کرتے ہوئے دونوں بہنوں نے بتایا کہ دونوں کی شکلیں بھی بہت ملتی تھیں، اس لیے انہیں ہر کوئی پہچان بھی نہیں پاتا تھا۔
ایمن خان نے بتایا کہ بچپن میں جب انہیں ٹائیفائیڈ ہوا تو ان کے بال کاٹ گئے اور بیمار پڑنے سے قبل وہ چار اشتہارات میں کام کرنے کے معاہدے کر چکی تھیں لیکن بعد میں ان کے اشتہارات منال خان نے کیے اور کسی نے بھی ان کی بہن کو نہیں پہچانا۔
دونوں بہنوں نے بتایا کہ ایک ہی چہرہ ہونے کے باوجود انہیں شوبز میں جگہ ملی اور ایک وقت میں ہفتے کے 7 میں سے 6 دن ان کے ہی ڈرامے ٹی وی چینلز پر چلتے تھے لیکن لوگ ان میں فرق نہیں پہچان پاتے تھے۔
ایمن خان کا کہنا تھا کہ کافی وقت تک ٹی وی دیکھنے والے عوام سمیت شوبز سے وابستہ افراد کو بھی ان کے الگ الگ ہونے کا علم نہیں تھا، ہر کوئی یہی سمجھتا تھا کہ دونوں ایک ہی لڑکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے مارننگ شوز سمیت دیگر ٹی وی شوز میں جانا شروع کیا تو لوگوں کو احساس ہوا کہ ایمن اور منال الگ الگ دو لڑکیاں ہیں، پہلے کوئی ان میں فرق ہی نہیں پہچان پاتا تھا۔