کراچی: (سچ خبریں) مقبول اداکار سمیع خان نے عمران اشرف کے کیریئر سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی ڈرامے میں عمران اشرف کو کہا تھا کہ وہ ایک دن بڑے اداکار بنیں گے۔
حال ہی میں سمیع خان نے جوادبشیر کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سوشل میڈیا سے پاکستانی فلم انڈسٹری تک، تمام معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا لوگ کام کی تعریف کرنے میں کنجوسی کیوں کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہر اداکار محنت سے کام کرتا ہے، لیکن جب آپ کے کام کو سراہا نہ جائے تو دل دکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سالِ نو کے لیے عہد کیا ہے کہ کسی بھی منفی رویے کو ذہن پر سوار نہیں کروں گا۔
سوشل میڈیا پر منفی رویوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ لوگ کسی بھی موضوع پر کچھ بھی کہہ دیتے ہیں، بولی وڈ سے لالی وڈ تک کسی اداکار کو نہیں بخشا جاتا۔
سمیع خان نے منفی کمنٹس پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ذاتیات پر مبنی منفی کمنٹس پڑھ کر آنسو نکل آتے ہیں۔
ان کا پاکستانی سنیما کے مستقبل پر مایوس ہوتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی سنیما کا مستقبل روشن نظر نہیں آتا،جس کی ایک وجہ مہنگائی بھی ہے۔
اداکار نے کہا کہ پاکستانی فلموں کی ٹکٹ پرائس کم کردینی چاہیے تاکہ عوام کی کثیر تعداد فلمیں دیکھنے آئے۔
انہوں نے بیرون ملک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں فلموں کی ٹکٹس پر بہت ڈیلز ہوتی ہیں، بدھ کو ٹکٹ آدھی قیمت میں ملتا ہے، لیڈیز ڈے پر ٹکٹ کی قیمت کم کردی جاتی ہے، جب کہ طلبہ کو بھی ٹکٹس پر رعایت دی جاتی ہے۔
پاکستانی ڈراموں پر بات کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے ہمارا ٹرید مارک ہیں، تاہم اب ڈرامے چینلز کے بجائے یوٹیوب پر دیکھنے کا رجحان پروان چڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرل ہونے سے کسی کو اداکار تسلیم نہیں کیا جا سکتا، مشہور ہونے اور اداکار ہونے میں بڑا فرق ہوتا ہے۔
سمیع خان نے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عمران اشرف نے تھائی لینڈ میں میرے ساتھ ایک ڈرامے میں ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران اشرف نے وہ کردار اتنا بخوبی نبھایا کہ میرے دل کو چُھو گیا اور میں نے اس سے کہا کہ ایسے ہی لگے رہنا اور محنت جاری رکھنا، تم ضرور کامیاب ہوگے۔
ان کے مطابق لوگوں کو ہمیشہ دوسروں کی کامیابی نظر آتی ہے تاہم یہ نہیں دیکھتے کہ اسے وہ کامیابی کتنی محنت و مشقت کے بعد ملی ہے۔
سمیع خان نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اگر انہوں نے کوئی ڈراما بنایا تو اس میں بلال عباس کو بطور ہیرو اور صبا قمر کو ہیروئن کاسٹ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صبا قمر انتہائی محنتی اور بلال عباس منکسر المزاج انسان ہیں۔
جب کہ اگر اداکار نہ ہوتا توشاید انجینئرنگ کے بعد بیرون ملک چلا جاتا اور کسی کمپنی میں 9 سے 5کی ملازمت کر رہا ہوتا۔