کراچی (سچ خبریں) معروف پاکستانی گلوکار و اداکار فخرِ عالم نے حیدر علی کی کامیابی کو بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی جنہوں نے ٹوکیو پیرالمپکس میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتا ، فخرعالم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ پاکستان کو حیدر علی پر فخر ہے۔
فخرِ عالم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹوکیو پیرالمپکس میں ایتھلیٹ حیدر علی کی اس بڑی کامیابی کے بارے میں لکھا کہ ’بہت خوب حیدر علی ، یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔‘انہوں نےحیدر علی کی تعریف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔‘واضح رہے کہ پاکستان کے حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں تاریخ رقم کردی اور پاکستان کیلئے پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے ڈسکس تھرو مقابلے میں شرکت کی، حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55 اعشاریہ 26 میٹر کی کامیاب تھرو کی۔حیدر علی کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے ، حیدر علی کی دائیں ٹانگ پیدائشی طور پر بائیں ٹانگ سے دو انچ پتلی اور ایک انچ چھوٹی ہے ، اپنے اس پیدائشی نقص کےباوجود بھی وہ پاکستان نام عالمی سطح پر روشن کرتے دکھائی دیتے ہیں۔