کراچی (سچ خبریں)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے مردوں کو خواتین کا محافظ قرار دیا ہے انہوں نے یہ بات نور مقدم قتل کیس کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنی رائے کا اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہی کہ ہمارے والد، شوہر، بھائی اور بیٹے ہمارے محافظ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رابی پیرزادہ نے اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے جس پر انگریزی زبان میں درج ہے کہ ’میں ایک مسلمان خاتون ہوں اور میں تمام جائز تعلقات میں مردوں کا احترام کرتی ہوں۔
رابی پیرزادہ نے اپنی یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب سے نور مقدم کا کیس لوگوں کو پتہ چلا ہے تو مردوں کے خلاف ایک طوفان سا برپا ہوگیا ہے۔‘اُنہوں نے لکھا کہ ’اس کیس کی وجہ سے اب ہماری عورتیں مزید آزادی کی مانگ کررہی ہیں اور ڈھٹائی سے مرد ذات کے لیے غلط الفاظ کا استعمال کررہی ہیں۔
سابقہ گلوکارہ نے لکھا کہ ’ان عورتوں کی وجہ سے کچھ مردوں نے اپنی ہی صنف کو آوارہ اور جانور کہنا شروع کردیا جبکہ یہ بلکل غلط ہے کیونکہ ہمارے والد، شوہر، بھائی، بیٹے ہمارے محافظ ہیں۔‘رابی پیرزادہ نے یہ بھی لکھا کہ ’کسی ایک مرد کے غلط ہونے سے ہم سب کو الزام نہیں دے سکتے، مرد کو اللّہ تعالیٰ نے عورت پر فضیلت دی ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں سب مردوں کا احترام کرتی ہوں کیونکہ یہ میرے دین نے سکھایا ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 20 جولائی کی رات نور قتل کیس کے ملزم ظاہر کو اس کے گھر سے گرفتار کیا تھا جہاں نور کے والدین کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے قتل کیا اور سر جسم سے الگ کیا تھا۔