کراچی: (سچ خبریں) نامور اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ نیٹ فلکس بولی وڈ سیریز ’دی کراؤن‘ کے لیے انہوں نے متعدد آڈیشنز دیے اور انہیں بھارت اور پاکستان کے 8 اداکاروں میں سے چنا گیا۔
یاد رہے کہ ’دی کراؤن‘ ویب سیریز میں ہمایوں سعید نے پاکستانی نژاد ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات کا روپ دھارا تھا۔
’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا اور ڈاکٹر حسنات کے رومانس کو بھی دکھایا گیا تھا اور ویب سیریز میں ہمایوں سعید نے اداکارہ الزبیتھ کو بوسہ بھی دیا تھا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئی تھیں۔
نجی ٹی وی شو ’دی ناک ناک‘ میں شرکت کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ کس طرح انہیں ’دی کراؤن‘ کے لیے منتخب کیا گیا۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ جب انہیں ’دی کراؤن‘ کے لیے کردار کی آفر ہوئی تو انہیں خود یقین نہیں آیا، انہوں نے کہا کہ ’البتہ ڈاکٹر حسنات پاکستانی تھے لیکن پھر بھی یہ سوچ نہیں تھی کہ یہ کردار مجھے آفر ہوگا۔‘
اداکار نے کہا کہ ’شو کے 4 سیزن پہلے ہی گزر چکے تھے اور سیریز کا سیزن 5 چل رہا تھا، اس لیے جب مجھے ڈاکٹر حسنات کا کردار آفر ہوا تو مجھے بہت خوشی ہوئی، لیکن مجھے کہا گیا کہ اس کردار کے لیے پہلے آڈیشن دینا ہوگا، جس پر میں تھوڑا پریشان ہوا۔
ہمایوں سعید نے آڈیشن کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’پہلے میں نے اپنے ایجنٹ سے کہا کہ میرے چہرے اور اداکاری کی دیگر ویڈیوز کلپس دیکھ کر اندازہ لگالیں۔‘
ہمایوں سعید نے کہا کہ ’لیکن آڈیشن دینا ضروری تھا کیونکہ انہیں دیکھنا تھا کہ میں ڈاکٹر حسنات کے کردار کے لیے فٹ ہوں یا نہیں، انہوں نے پہلے مجھے ایک سین (آڈیشن کے لیے) بھیجا، پھر میرے ایجنٹ نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان سے 8 لوگ اس کردار کے لیے آڈیشن دے رہے ہیں اور میں ٹاپ 5 میں ہوں، پھر مجھے آڈیشن کے لیے دوسرا سین ملا‘۔
ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے دی کراؤن کے لیے آخری آڈیشن دیا تو اس وقت وہ کوڈ-19 میں مبتلا تھے، انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’مجھے بخار تھا، میری آنکھیں نم ہورہی تھیں، شاید اس لیے مجھے کردار کے لیے منتخب کرلیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے ڈائریکٹر نادر سے مدد لی، اس نے مجھے چیزیں سکھائیں اور میرے آڈیشن کی منظوری دی، پھر مجھے بتایا گیا کہ میں ٹاپ 2 میں سلیکٹ ہوگیا ہوں۔‘
اداکار نے کہا کہ ’آڈیشن کے لیے بہت سسپنس ماحول تھا، میں نے الزبتھ ڈیبیکی کے ساتھ بھی ایک آڈیشن دیا، جس کے بعد یقین ہوگیا کہ میں سلیکٹ ہوگیا ہوں لیکن پھر بھی مجھے انتظار کرنے کاکہا گیا پھر کافی عرصے تک کال نہیں آئی۔‘
ہمایوں سعید نے کہا کہ جب انہوں نے آڈیشن کی سلیکشن کال کے لیے انتظار کرنا ختم کردیا تھا تب انہیں کال آئی کہ وہ ڈاکٹر حسنات کے کردار کے لیے سیلیکٹ ہوگئے ہیں جو ان لئے کافی حیران کُن تھا۔