کراچی (سچ خبریں) لیجنڈری اداکار، کامیڈین و میزبان عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے خصوصی اقدامات اور سندھ حکومت کے تعاون نے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کرلیا ہے انہیں ایک دن میں ویزے ملنے کا امکان ہے۔
کچھ دن قبل عمر شریف نے ہسپتال کے بسترے سے حکومت سے ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔اب ان کی اہلیہ اداکارہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے عمر شریف اور اہل خانہ کے دیگر افراد کے ویزے کے انتظامات مکمل کرلیے اور انہیں ایک روز کے اندر ویزے ملنے کا امکان ہے۔
زرین غزل نے ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کرلیا۔اداکار کی اہلیہ کے مطابق ایئر ایمبولینس کے تمام اخراجات اور انتظامات سندھ حکومت دیکھے گی جب کہ ویزے جلد جاری کرنے میں وفاقی حکومت کا کردار ہے۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ویزے ملنے کے بعد وہ 15 یا 16 ستمبر کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ ہوں گے۔