(سچ خبریں)وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم میں تمام جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسپیکر کو اختیار دیا تھا کہ وہ ’فلور کراسنگ‘ کرنے والے کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو نا اہل قرار دے سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23 سے 30 مارچ کا ہفتہ بہت اہم ہے، میں ہمیشہ سے کہتا ہوں کہ اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلیں، عمران خان جیتنے جارہے ہیں، اسپیکر کے پاس فلور کراسنگ کرنے والوں کو نااہل قرار دینے کے اختیارات ہیں، 18ویں آئینی ترمیم میں تمام سیاسی جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔
شیخ رشید کے مطابق اپوزیشن کی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے قانونی ماہرین نے وزیراعظم کو مختلف تجاویز دی ہیں، جس میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین سے متعلق اسپیکر کو خط لکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
شیخ رشید کا بتانا ہے کہ ایسے اراکین کی مبینہ فہرست پہلے ہی عمران خان کے پاس موجود ہے، وزیراعظم کو تجویز دی گئی ہے کہ اسپیکر سے درخواست کریں کہ ان اراکین کو حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی پر ووٹ نہ ڈالنے دیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ اگر یہ اراکین ووٹ ڈالیں تو ان کے ووٹ کو گنتی میں شمار نہ کیا جائے، اسپیکر ایسے اراکین سے متعلق ایوان میں ووٹنگ کے دوران یا گنتی کے دوران آگاہ بھی کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے اسپیکر کو خط میں ایسے اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنے کا بھی کہا جائے گا۔
اس کے علاوہ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ وزیراعظم کے خط کو بنیاد بناکر اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام قرار دینے کی رولنگ دیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایسے اراکین کی مبینہ فہرست پہلے ہی عمران خان کے پاس موجود ہے، وزیراعظم کو تجویز دی گئی ہے کہ اسپیکر سے درخواست کریں کہ ان اراکین کو حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی پر ووٹ نہ ڈالنے دیں۔