اسلام آباد(سچ خبریں) اپوزیشن جماعتوں نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کئے جانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کو متحرک کرتے ہوئے پارٹی قیادت کا اہم اجلاس طلب کرلیا اور اجلاس میں پارٹی قیادت سے مختلف امور پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اہم ایشوز پر پارٹی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی و صوبائی قیادت سے تین الگ الگ اجلاس طلب کیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب اور مرکزی قیادت کا اجلاس آج شامل وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک، اسد عمر ،فواد چوہدری، شفقت محمود عامر کیانی، سیف اللہ نیازی ودیگر شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت تینوں اجلاسوں میں شریک ہوگی، اجلاس میں پارٹی کو فعال اور منظم کرنے کےلیے صلاح مشورے ہوں گے، جس کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں اپوزیشن تحریک سے نمٹنے کےلیے ٹھوس حکمت طے کی جائے گی جب کہ وزیراعظم قومی ایشوز پر پارٹی قیادت کو نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے اور سیاسی و پارلیمانی امور پر مشاورت کریں گے۔