عمران خان ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں بہتر استعفی دے دیں
لاہور(سچ خبریں) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں بہتر ہے خود استعفیٰ دے دیں ورنہ لاکھوں کا مجمع اسلام آباد ان سے استعفیٰ لینے آئے گا تو ان کے پاس راہ فرار نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں زراعت نے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے لھذا اس وقت عمران خان ملک سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے کسان وِنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن قبال نے کہا کہ ‘ملکی ترقی میں زراعت نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا لیکن آج کسان کو اپنی محنت کا صحیح معاوضہ بھی نہیں مل رہا، کھاد اور ادویات کے اندر ہر سم کی ملاوٹ کو ختم کیا جائے، پیداوری قیمت بڑھنے سے کسان کمزور سے کمزور تر ہوتا جا رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ آج یوں لگتا ہے کہ ملک کے اندر کوئی حکومت نہیں ہے، کوئی یہ نہیں دیکھ رہا کہ جو کسان اپنی جیب سے پورے پیسے ادا کرتا ہے اس کے عوض اسے ملاوٹ شدہ ادویات اور کھاد مل رہی ہے، ملاوٹ سرعام ہے اور اس کو کوئی دیکھنے والا نہیں ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘پی ٹی آئی حکومت آنے سے ملک میں زراعت کا شعبہ یتیم ہوگیا ہے، امید کرتا ہوں کا (ن) لیگ کا کسان ونگ پاکستان بھر کے کسانوں کی آواز بنے گا اور ہم کسانوں کا مزید استحصال برداشت نہیں کریں گے’۔
احسن اقبال نے کہا کہ ‘میں عمران خان کی حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر اس نے کسان و زراعت دشمن پالیسیاں تبدیل نہ کیں تو وہ مودی سرکار کے انجام سے سبق سیکھیں، ہم نے کال دی تو ملک بھر کے کسان ہمارے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘مسلم لیگ (ن) کو اب تیاری شروع کرنی ہے، یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، عمران خان کا منصوبہ ناکام ہوچکا ہے لیکن ان کا منصوبہ ناکام ہونے کے ساتھ ہم نے پاکستان کی ریاست کو ناکام نہیں ہونے دینا، (ن) لیگ نے دوبارہ ملک کی باگ دوڑ سنبھال کر اسے ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے’۔
پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان کی حکومت نے دو سال میں ہمارے دور سے زیادہ قرضے لیے اور ان سے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، انہوں نے 11 ہزار ارب کا قرضہ لے کر صرف اپنا خسارہ پورا کیا ہے، اپنی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے یہ آنے والی حکومت کو سروں کے اوپر تک قرضوں میں جکڑ کر جائیں گے’۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ‘انہیں فارن فنڈنگ کے ذریعے اس ایجنڈے پر بٹھایا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرو، ملک کو قرضوں میں دھنسا دو تاکہ پھر پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر شرائط لگا کر اسے بیل آؤٹ دیا جاسکے’۔
وزیر اعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ ‘آپ ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، بہتر ہے خود استعفیٰ دے دیں، ورنہ لاکھوں کا مجمع اسلام آباد آپ سے استعفیٰ لینے آئے گا تو آپ کے پاس راہ فرار نہیں ہوگی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘حکمرانی سوشل میڈیا پر نہیں زمین پر ہوتی ہے، حکمرانی کرنے کے لیے بڑا دل اور بڑی سوچ چاہیے لیکن عمران نیازی کے پاس صرف بُرا کہنے والوں کی ٹیم ہے’۔
احسن اقبال نے کہا کہ ‘گالیاں نکالنے سے ملک خوشحال نہیں ہوتے، انہیں 500 سال بھی دیے جائیں تو یہ اناڑی کہیں گے کہ تھوڑے ہیں، 1000 سال دیے جائیں’۔