کراچی(سچ خبریں)محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ بھر میں افطار کے بعد مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے نیا نوٹیفیکشن جاری کردیا جس میں صوبے بھر میں نافذ پابندیوں میں 16 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔
کورونا ایس او پیز کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق کاروباری سرگرمیاں صبح 6 سے رات 8 بجے تک جاری رہیں گے جب کہ جمعہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورینٹس میں آؤٹ ڈور سروس کی اجازت رات 10 بجے تک ہوگی، تفریحی پارکس، سینما، مزارات مکمل طور پر بند ہوں گے جب کہ شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، میوزیکل اور مذہبی تقریبات پر پابندی ہوگی۔اس کے علاوہ سرکاری اور نجی دفاتر میں پالیسی کے تحت اسٹاف کی حاضری 50 فیصد ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا صوبہ سندھ میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 366 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناوائرس کے مزید 10176 نمونے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 366 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ میں اب تک کوروناوائرس کے 3415608 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔