لاہور(سچ خبریں) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے الزام عائد کیا ہے کہ ساری سازش کے مرکزی کردار نوز شریف ہیں ،پہلے ثاقب نثار کی جعلی آڈیو اور پھر رانا شمیم کا بیان حلفی آیاہے۔ شریف ڈاکٹرائن نہایت سادہ ہے، بندہ خرید لو یا پھر عدالتوں پر حملہ آور ہو جاؤ، انہیں آگاہ کردوں کہ اب شریف ڈاکٹرائن کا وقت گزرچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کا مقصد عدالت پر اثر انداز ہونا تھا، چارلس گھتری کا بیان واضح کرتا ہے کہ رانا شمیم بیان حلفی کا مرکزی کردار نواز شریف ہیں۔
قائد نون لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف ڈاکٹرائن نہایت سادہ ہے، بندہ خرید لو یا پھر عدالتوں پر حملہ آور ہو جاؤ، انہیں آگاہ کردوں کہ اب شریف ڈاکٹرائن کا وقت گزرچکا ہے، رواں سال شریف خاندان کے کیسز میں سزاؤں کا سال ہوگا۔
مشیر وزیراعظم شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک سے اب تک صرف 8 رپورٹس آئیں اور یہ بھی میڈیکل رپورٹس نہیں، ان کے ڈاکٹرز کے خطوط تھے، جن پر پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے
مشیر احتساب نے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں، ملک میں پارلیمانی نظام موجود ہے، جسے کسی دوسرے نظام میں تبدیل کرنے کے لیے آئین کے مطابق دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔