🗓️
اسلام آباد: (سچ خبریں) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر پی ٹی آئی کے وکلا سے دلائل طلب کرلیے ہیں۔
میڈیا کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مقدمے کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل سلمان صفدر، سکندر ذوالقرنین و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پراسیکیوشن ٹیم میں اسپیشل پراسیکیوٹر جسٹس ریٹائرڈ حامد علی شاہ، ذوالفقار نقوی و دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سامعت کے آغاز پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے اپیل پر اعتراض اٹھا دیے، انہوں نے کہا کہ یہ اپیل قابل سماعت ہی نہیں ہے، مجھے 15 منٹ دلائل کے لیے دیے جائیں۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کا اپیل پر اعتراض ہے تو آپ عدالت کو بتائیں کہ کیوں یہ قابل سماعت نہیں؟ حامد علی شاہ نے جواب دیا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت اپیل کا حق نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے حامد علی شاہ کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ پڑھنے کی ہدایت کردی جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا نوٹیفکیشن عدالت کو پڑھ کر سنایا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں پاکستان کریمنل لا ترمیمی ایکٹ 1958 کا نفاذ کیا گیا، کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1958 ایکٹ کا نفاذ بھی صرف ٹرائل کی حد تک ہوگا، سیکشن 13، 6 میں کہا گیا کہ ان قوانین کا اطلاق ہوگا جو قانون میں موجود ہوں، 1923 کے ایکٹ میں بھی اپیل کا کوئی حق نہیں ہے، سیکشن 10 میں اپیل کا حق حاصل ہے، مگر صرف ٹرائل کی حد تک۔
انہوں نے کہا کہ 1923 کے ایکٹ میں اپیل کا حق بھی نہیں، نہ ہی پاکستان کریمنل لا کے نفاذ کا کہا گیا ہے ، 1923 آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت کو ٹرائل کے پروسیجر کا اختیار ہے۔
عدالت نے دریافت کیا کہ کیا آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ایسا کچھ کہا ہے کہ اپیل دائر ہوگی یا نہیں؟ کیا آپ کہنا چاہ رہے ہیں کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت اپیل کا کوئی حق ہی نہیں ہے؟
بعد ازاں ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے عدالت میں مختلف ملکی و غیر ملکی عدالتی فیصلوں کے حوالے دیے، ان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق 199 کے تحت دیا گیا ہے، آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور پاکستان کریمنل ترمیمی لا اپیل کے حوالے سے واضح ہے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دوسرا اعتراض یہ ہے کہ اپیل ڈویژن بینچ نہیں سن سکتا، ہائی کورٹ رولز اینڈ آرڈر کے مطابق ڈویژن بینچ کے سامنے اس طرح کے کیس نہیں لگ سکتے ہیں، ڈویژن بینچ کے سامنے کرمنل پروسیجر کی صرف سزائے موت کی سزا کے خلاف اپیل لگ سکتی ہے، اگر اپیل قابل سماعت ہوتی بھی تب بھی اپیل سنگل بینچ سن سکتا ہے۔
بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ اس کیس میں ایک سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ کو سزا ہوئی ہے، سیکشن 6 کے تحت اس کیس میں کرمنل لا پروسیجر اپلائی کرتا ہے، پراسیکیوشن نے کہا کہ یہ بینچ اپیل نہیں سن سکتا، وہ نہیں سن سکتا، یعنی کہ ان ڈائرکٹ اپیل ہی قابل سماعت نہیں،۔
سلمان صفدر نے کہا کہ آرمز فورسز کے کیسز میں بھی 199 کے تحت نظر ثانی کی اپیل دائر ہوتی ہیں، کیا عوامی نمائندوں کو جو سزا دی گئی ان کے خلاف کہیں اپیل دائر نہیں ہوگی؟
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے دائرہ اختیار کے ساتھ ساتھ پروسیجرل طریقہ کار کا بھی سوال ہے۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ ہمیں ابھی اپیل سے متعلق پروسیجرل طریقہ کار بتائیے کہ طریقہ کار کیا ہوگا؟ بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے ججز کی تعیناتی سے متعلق قوانین پڑھ کر سنائے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ میں عدالت کے سامنے اسپیشل کورٹس کے ججز کی تعیناتی کے قوانین عدالت کے سامنے رکھ رہا ہوں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ پروسیجرل لا تمام سی آر پی سی تو نہیں ہے، بلکہ ایک شق ہے، سیکشن 10 کو دیکھیں تو اس نے طریقہ کار سے متعلق بتایا ہے، کیا یہ اپیل سیکشن 10 کے تحت یا سی آر پی سی کے تحت دائر ہوئی ہے؟
سلمان صفدر نے کہا کہ یہ اپیل سیکشن 410 کے تحت ہی دائر کی گئی ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے ایک بار پھر اسپیشل کورٹس کے ججز کی تعیناتی کے بارے میں قوانین کا حوالہ دیا۔
اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ صفدر صاحب! جو سوالات پوچھے گئے ہیں، انہی پر دلائل دیں، کچھ قوانین کا استمال بارڈر کے اُس پار بھی ہو رہا ہے۔
بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل سکندر ذوالقرنین نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی پر اعتراض اٹھا دیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپیلوں پر بنیادی اعتراض اٹھایا ہے، آپ اس نکتے پر آپ عدالت کی معاونت کریں۔
عدالت نے کہا کہ اگر اعتراض منظور بھی کر لیا جاتا ہے پھر بھی کارروائی ختم نہیں ہوگی، یہ واضح ہے کہ اعتراض منظور ہونے پر اپیل کی صورتحال تبدیل ہو جائے گی، ختم نہیں ہو گی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہم پہلے بنیادی اعتراض کو سن کر فیصلہ کریں گے، اس پر چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ کسی کو بھی قانونی چارہ جوئی کے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا ہے، پراسیکیوشن نے جو سوال اٹھایا ہے اس کو دیکھنا ہوگا۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اپیل کا حق سزائے موت کے خلاف بھی ہے، بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں 199 کے تحت رٹ کا دائرہ اختیار واضح ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلا کے آپس میں گفتگو پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایسا نہ کریں، کوئی عدالتی فیصلے لائیں۔
وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کے اعتراض کا وقت اب گزر چکا، اب تو اپیل پر نوٹسسز بھی ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے انگریزی لکھنی ہے ان کی طرف سے عدالتی فیصلے آئیں گے تو آپ کی طرف سے بھی آنے چاہیے۔
بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوشن کے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر اعتراض پر پی ٹی آئی وکلا سے دلائل طلب کرتے ہوئے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔
وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں توشہ خانہ تحائف کیس پر دلائل دینے کی استدعا کردی۔
اس پر نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ نیب کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر امجد پرویز عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سائفر کیس میں سلمان صفدر کو دلائل مکمل کرنے دیں، پھر نیب کیسز پر بھی دلائل سن لیں گے بعد ازاں توشہ خانہ تحائف کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں پر بھی سماعت ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیلوں پر دلائل کا آغاز کردیا جبکہ عدالت نے فریقین کو 11 مارچ (آج) مکمل تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کردی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 30 جنوری کو سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔
مشہور خبریں۔
صہیونی شہری قابض فوج پر کتنا اعتماد کرتے ہیں؟
🗓️ 15 فروری 2024سچ خبریں: جب کہ مقبوضہ علاقوں کے شمالی علاقے روحوں کے قصبوں
فروری
پنجاب بھر کی جیلوں میں تحریک انصاف کی صرف 7 خواتین قید ہیں، آئی جی جیل خانہ جات
🗓️ 29 مئی 2023لاہور: (سچ خبریں) پنجاب میں جیل حکام نے 9 مئی کے فسادات
مئی
سویڈن کی پہلی خاتون وزیر اعظم جو چند گھنٹے اپنے عہدے پر رہیں
🗓️ 25 نومبر 2021سچ خبریں: سویڈن کی نئی وزیر اعظم میگڈالینا اینڈرسن نے وزیر اعظم
نومبر
انتخابی نتائج کیخلاف چوہدری نثار بھی بول پڑے
🗓️ 24 فروری 2024راولپنڈی: (سچ خبریں) ملک کے سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر چوہدری
فروری
میں نے نہیں کہا تھا کہ ہم پاکستان کا ’کپور‘ خاندان ہیں، مومل شیخ
🗓️ 14 جنوری 2025کراچی: (سچ خبریں) اداکارہ مومل شیخ نے واضح کیا ہے کہ انہوں
جنوری
جولائی تا نومبر کے دوران ترسیلات زر 10 فیصد گر گئیں
🗓️ 9 دسمبر 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے
دسمبر
فلسطین کی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن نے بھی نزار بنات کے قتل کی ذمہ داری فلسطینی اتھارٹی پر عائد کردی
🗓️ 3 اگست 2021رام اللہ (سچ خبریں) فلسطین کی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے
اگست
بھارتی اداکارہ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ
🗓️ 18 ستمبر 2023سچ خبریں: کولکتہ کی عدالت نے دھوکا دہی کے الزام میں بھارتی
ستمبر