اسلام آباد(سچ خبریں)حکومتِ پاکستان نے آسٹرازنیکا کورونا ویکسین کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں،ہدایات میں کہا گیا ہے کہ آسٹرازنیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر افراد کو لگائی جا سکے گی۔ گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد کو ہلکا سردرد، جسم درد اور ہلکابخاربھی ہوسکتاہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے آسٹرازنیکا کورونا ویکسین کے لیے ایس اوپیز کی منظوری دے دی ، ایس اوپیزکی منظوری نیشنل ایکسپرٹ کمیٹی نے دی، ایس او پیز آسٹرزنیکا ویکسین کی اسٹوریج، حوالگی اور استعمال میں معاون ہوں گے۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ آسٹرازنیکاویکسین 18 سال سے زائد عمر افراد کو لگائی جا سکے گی، 18 سال سے کم عمر افراد کو نہیں لگائی جا سکتی۔گائیڈ لائنز کے مطابق آسٹرازنیکاویکسین حاملہ،دودھ پلانےوالی ماؤں کیلئےمحفوظ ہے تاہم بخارمیں مبتلا افراد اور کورونا پازیٹیو مریضوں کونہیں لگائی جاسکے گی جبکہ کورونا سےصحتیاب افرادکولگائی جاسکے گی۔
گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد کو ہلکا سردر، جسم درد اور ہلکابخارہوسکتاہے، ویکسین کی 2 خوراکوں میں 12ہفتے کاوقفہ ہوگا، یہ ویکسین ہیلتھ ورکرز اور شہریوں کو لگائی جائے گی تاہم ویکسین کے ری ایکشن پر ادویات معالج کی ہدایت پر استعمال کریں۔
ایس اوپیز کے مطابق کوویشیلڈ ویکسین آکسفورڈ یونیورسٹی اور سوئیڈن کی مشترکہ ایجاد ہے ، اس ویکسین کو 2 تا 8 درجہ حرارت پرمحفوظ رکھنا ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کوآسٹرازنیکا ویکسین کوویکس کی جانب سے مفت ملے گی، ڈبلیو ایچ او آسٹرازنیکا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے چکا ہے۔