اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے، حکومت نے ملک میں صنعتی انقلاب کے لئے اقدامات اٹھائے، پاکستان محفوظ ملک ہے جہاں سرمایہ کاروں کو تحفظ حاصل ہے صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے انٹرپرینیورآرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے ملک میں صنعتی انقلاب کے لئے اقدامات اٹھائے اور سرمایہ کاروں کوہرممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
سابقہ حکومتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابقہ دور میں ڈی انڈسٹرلائزیشن ہو رہی تھی، موجودہ حکومت نے ڈی انڈسٹرلائزیشن روکنے کیلئے اقدامات کئے، پاکستان محفوظ ملک ہے جہاں سرمایہ کاروں کوتحفظ حاصل ہے۔ وزیراعظم نے خطاب میں دنیا کو درپیش معاشی صورتحال کاذکر کیا، ہمارا یقین ہے صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں کاروباری اداروں کا اہم کردار ہے، کاروباری ادارے ملکی جی ڈی پی میں نمایاں حصہ لیتے ہیں، حکومت نے صنعتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دی، منافع بخش کمپنیوں کوورکرزکی تنخواہ میں اضافہ کرنا چاہئے۔