اسلام آباد (سچ خبریں) تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات دسمبر میں نہیں بلکہ جنوری کے آخر میں ہوں گی یہ فیصلہ این سی اوسی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل جاری رہے گا تاہم برفباری والےعلاقوں میں تعطیلات رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کا تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ، جس میں بتایا گیا کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں صوبوں سے سفارشات لی گئیں۔ذرایع کا کہنا تھا کہ این سی او سی کے اجلاس میں صوبوں کی سفارشات پربحث کی گئی، جس کے بعد موسم سرماکی تعطیلات پر این سی او سی میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات دسمبرمیں نہیں، جنوری کے آخر میں ہوں گی۔
ذرائع این سی او سی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن کا عمل جاری رہے گا تاہم برفباری والےعلاقوں میں تعطیلات رہیں گی۔گذشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر سے 4 جنوری تک کرنے کی تجویز پر وفاق اور صوبے متفق ہو گئے ہیں، تاہم چھٹیوں کا نوٹیفکیشن صوبائی حکومتوں کی جانب سےجاری کیا جائےگا۔خیال رہے سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔