?️
لاہور: (سچ خبریں) بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا، مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج بپھر گئے، پنجاب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پاک فوج کی مدد طلب کرلی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ خانکی پر پانی کا بہاؤ 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگیا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق خانکی ہیڈ ورکس کی ڈیزائن کردہ گنجائش 8 لاکھ کیوسک ہے، شدید سیلاب کے باعث خانکی ہیڈورکس کے ہائیڈرولک ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریائے روای میں 32 سال بعد بدترین سیلابی صورت حال ہے، جب کہ مزید 45 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں، تاہم اب تک کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
چناب میں خانکی پر اونچے درجے جب کہ راوی میں شاہدرہ اور ستلج میں سلیمانکی پر درمیانے درجے کے سیلاب ہیں۔
دریائے راوی میں سیلاب سے شاہدرہ اور موٹروے ٹو کے نشیبی علاقوں پر سیلاب کا خطرہ ہے۔
دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، صورت حال کے پیش نظر سول ڈیفنس نے الرٹ جاری کردیا، جب کہ سائرن بھی بجائے گئے ہیں۔
کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 اور پنجاب پولیس کے اہلکار دریائے راوی پر موجود رہے، اسسٹنٹ کمشنر راوی سیدہ سنبل جاوید نے بھی رات گئے علاقے کا دورہ کیا۔
قادرآباد ہیڈورکس کو بچانے کیلئے کنٹرولڈ دھماکا
گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہیڈ قادرآباد کے قریب شگاف ڈالنے کے لیے دھماکا کیا گیا تاکہ ہیڈورکس کو بچایا جا سکے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائےچناب میں ہیڈ قادر آباد کےمقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، شدید سیلاب سے قادرآباد ہیڈورکس کو بچانے کے لیے کنٹرولڈ دھماکا کرکے سیلابی ریلے کا دباؤ کم کرنے کے لیے دھماکا کرکے بند میں شگاف ڈالا گیا۔
نارووال میں خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد کو بچالیا گیا
ادھر نارووال میں سیلاب میں پھنسی خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔
شکر گڑھ کے علاقے جرمیاں جھنڈے میں خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد دریائے راوی کے ریلے میں پھنس گئے تھے، متاثرین نے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دریائے راوی کنارے ایک دیوار پر پناہ لیے ہوئے ہیں، پانی کی لہریں ان کو چھو رہی ہیں۔
ریلیف کیمپ میں موجود رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) احمد اقبال لہڑی بھی سیلاب میں پھنس گئے تھے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر کا کہنا ہے کہ نارووال میں ایم پی اے احمد اقبال اور ساتھیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔
سیلاب سے کئی دیہات زیر آب
ننکانہ صاحب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایمرجنسی کنٹرول روم کے مطابق ہیڈبلوکی میں پانی کی آمد 79 ہزار 660 کیوسک، جب کہ پانی کا اخراج 67 ہزار 760 کیوسک ہے۔
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد متعدد دیہات زیرآب آچکے ہیں، سیلابی پانی دریا کے اطراف آباد چھوٹی بڑی آبادیوں، حویلیوں، ڈیروں میں داخل ہوگیا، سیلاب سے ہیڑے، جٹاں دا واڑہ، نواں کوٹ، خضرآباد، لالو آنہ کے علاقے متاثر ہوئے۔
شیخ داٹیوب ویل، گجراں دا ٹھٹہ، کھوہ صادق، ڈیرہ حاکم، ڈیرہ مہر اشرف کی آبادیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے پر مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
سیلاب سے دھان، مکئی، سبزیوں اور چارے کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مقامی افراد اور سرکاری مشینری مٹی کے بند تعمیر کرنے میں مصروف ہیں، پانی کے بہاؤ کو روکنے اور راستے بحال رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام متاثرہ دیہات میں موجود ہیں، متعدد خاندانوں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، متاثرہ علاقوں سے انخلا کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
گوجرانوالہ کے مقام پر دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس کے باعث ملحقہ علاقوں سے شہریوں کے فوری انخلا کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ایڈوائزی کے مطابق آج اونچے درجے کےسیلابی ریلےکی آمدمتوقع ہے، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے دیہات کوخالی کرانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 4 لاکھ 79 ہزار کیوسک جب کہ خانکی بیراج وزیر آباد میں 2 لاکھ 55 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک تک جا پہنچا ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کےمطابق مرالہ سے چلنے والا ساڑھے 3 لاکھ کیوسک کا ریلا کل چنیوٹ کےمقام پر پہنچے گا، آئندہ 2 روز تک پانی کی سطح مسلسل بلند ہوگی۔
اس وقت دریا میں نچلےسے درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کرکے نشیبی علاقے خالی کرا لیے گئے ہیں۔
سیلابی پانی کے باعث کرتارپور کا پورا علاقہ زیرآب آگیا، پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوگیا، سکھوں کا مقدس مقام گوردوارہ دربار صاحب بھی پانی میں ڈوب چکا ہے۔
ادھر دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پنجاب کے 8 اضلاع میں فوج طلب
پنجاب کے سیلاب سے شدید متاثرہ 8 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج طلب کرلی گئی۔
لاہور، حافظ آباد، سرگودھا، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ میں سول انتظامیہ کی مدد اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوج طلب کی گئی ہے۔
پنجاب کے سرحدی علاقوں میں سیلاب کے بعد پاک فوج نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا، دریائے ستلج سے ملحقہ قصور، گنڈا سنگھ والا سمیت متعدد علاقوں سے پاک فوج کے جوان سیلاب متاثرین کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف عمل ہیں۔
بچوں، بزرگ شہریوں اور خواتین سمیت متعدد افراد کو پاک فوج کے جوانوں نے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کے دوران متاثرین سیلاب کا سامان اور جانور بھی محفوظ مقام پر منتقل کیے گئے۔
پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کیمپ بھی قائم کر دیے، پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ ہے۔
وزیر اعظم کی وزرا کو دوروں کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے چناب، ستلج اور راوی میں شدید سیلاب کے خطرات کے پیش نظر وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے فوری دورے کرنے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اپنے متعلقہ حلقوں میں موجود رہ کر انخلا، ریسکیو و ریلیف کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔
وزیرِ اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ امدادی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور اداروں کے آپس کے روابط بڑھائے جائیں، دریائی گزرگاہوں کے کنارے آباد افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے۔
مشہور خبریں۔
امریکہ کسی بھی صورت میں یوکرین میں فوج نہیں بھیجے گا:جین ساکی
?️ 24 فروری 2022سچ خبریں: وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی
فروری
’دہشتگرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے، ریاست کے ردعمل میں اتنی ہی شدت آئے گی‘
?️ 10 جنوری 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے اس عزم
جنوری
وزیراعظم کی قیادت میں قوم سے ہر وعدہ پورا کریں گے: پنجاب گورنر
?️ 13 جون 2021لاہور(سچ خبریں) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران
جون
اسرائیل سعودی عرب اور انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے خواہاں
?️ 4 جنوری 2022سچ خبریں: ای 24 نیوز کی ایک رپورٹ میں اسرائیلی وزارت خارجہ
جنوری
پاک-بھارت مذاکرات کا معاملہ، سابق بھارتی سفیر نے اہم بیان جاری کردیا
?️ 6 اپریل 2021نئی دہلی (سچ خبریں) پاکستان اور بھارت کے مابین بات چیت اور
اپریل
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم تصاویر لیک، پمز ہسپتال کی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس طلب
?️ 13 نومبر 2022اسلام آباد:(سچ خبریں) کینیا میں قتل ہونے والے صحافی ارشد شریف کی
نومبر
صیہونی حکومت کو اسلحہ برآمد کرنے پر ڈنمارک کے خلاف شکایت
?️ 13 مارچ 2024سچ خبریں:ایمنسٹی انٹرنیشنل ڈنمارک، آکسفیم ڈنمارک، ایکشن ایڈ ڈنمارک اور فلسطینی انسانی
مارچ
امریکہ یمن کے ساتھ کیوں لڑ رہا ہے؟ واشنگٹن پوسٹ کی زبانی
?️ 21 جنوری 2024سچ خبریں: واشنگٹن پوسٹ نے امریکی حکومت کے ذرائع کے حوالے سے
جنوری