راولپنڈی: (سچ خبریں) پنجاب کے ہوم ڈپارٹمنٹ نے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو کنٹرول محمد اکرم کو شوکاز جاری کردیا۔ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹوکنٹرول محمد اکرم کو شوکاز 29 فروری کو اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی لڑائی پر جاری کیا گیا۔
ہوم ڈپارٹمنٹ نےمحمد اکرم سے شوکاز کا جواب 7 دنوں میں طلب کیا ہے۔ نوٹس کے مطابق قیدی نے اینٹ مارکر ساتھی قیدیوں کو زخمی اور ایک کو ہلاک کیا، انکوائری میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی غفلت اورلاپرواہی ثابت ہوئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 5 ذہنی بیمار قیدیوں کو ایک جگہ رکھ کرجیل قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، محمداکرم ذہنی بیمار قیدی کیلئے اقدامات کرنے اور اسے الگ سیل میں رکھنےمیں بھی ناکام رہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق جونیئرسائیکالوجسٹ سارہ غضنفر اور کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ سنیعہ شہزاد نے بھی ملزم کی خطرناک ذہنی حالت کی تصدیق کی، محمد اکرم نے جیل قوانین401، 435، 436، 442 اور1095 ایف کی خلاف ورزی کی اور وہ جیل میں دیانتداری اور سنجیدگی سے ڈیوٹی دینے میں ناکام رہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے محمد اکرم کو محکمے سے برخاستگی اور بھاری جرمانےکی سفارش کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ سکیورٹی اداروں نے عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو بھی حراست میں لیا تھا جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ بھی جیل کے مزید 6 ملازمین کو حراست میں لیا گیا تھا۔
سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کا لاپتہ ہونے کا کیس بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔