کراچی: (سچ خبریں) وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر حملے کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور موقع پر موجود رہنے کے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بڑا جانی نقصان یا تباہی نہیں ہوئی، فورسز نے بڑی بہادری سے حملہ آوروں کا خاتمہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کرکے بروقت کارروائی کرنے اور موقع پر موجود رہنے کے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جذبے کی تعریف کی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے حملہ آوروں سے متعلق جمع کیے گئے حقائق سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے مراد علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بڑا جانی نقصان یا تباہی نہیں ہوئی، فورسز نے بڑی بہادری سے حملہ آوروں کا خاتمہ کیا۔
شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا کہ وہ میری طرف سے تمام افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاونت کریں گے۔
دوسری جانب، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جناح ہسپتال کراچی میں پولیس آفس حملے کے زخمیوں کی عیادت کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ میں ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ صدر نے پولیس اور رینجر اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور اہلکاروں سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کی۔
مزید بتایا گیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے پولیس اور رینجر کے اہلکاروں کے ساتھ اظہارِ يكجہتی بھی کیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کی خاطر بہادری سے دہشت گردوں کے خلاف لڑنے پر پولیس اور رینجر کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پولیس آفس حملے کے تمام زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
کراچی پولیس چیف کے دفتر میں دہشت گردوں کے حملے میں آپر یشن کے دوران شہید ہونے والے رینجرز کے اہلکار سب انسپکٹر تیمور شہزاد کی نمازجنازہ ہیڈ کوارٹر پا کستان رینجرز (سندھ) جناح کورٹس بلڈ نگ میں ادا کر دی گئی، رینجرز اہلکار دوران آپر یشن چہرے پر گو لی لگنے سے شہید ہو گئے تھے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ، کورکمانڈر سندھ، آئی جی پولیس سندھ، کراچی پو لیس چیف، فوج، رینجرز، پولیس کے اعلیٰ افسران اور جوانو ں نے شرکت کی۔
مزید بتایا گیا کہ بعد نماز جنازہ شہید کے جسد خاکی کو آبائی گاؤں شجاع آباد ملتان میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق شہید سب انسپکٹر تیمور شہزاد 7 برس قبل پاکستان رینجرز سندھ میں بطور ڈائریکٹ اِنٹری حوالدار بھرتی ہوئے تھے اورنہایت جانفشانی سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے کراچی آپریشن سمیت دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں سندھ رینجرز کے ابتک 148 افسران اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں اور آفیسرز کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردی کو قلع قمع کرنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔