سچ خبریں:سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنے معمول کے الزامات کو دہراتے ہوئے پانچ یمنیوں کو اپنی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کیا۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واس کی رپورٹ کے مطابق منصور احمد السعدی، احمد علی الحمزی،محمد عبدالکریم الغماری،زکریا عبدالله یحیی حجر اور احمد محمد علی الجوهری نامی یمنی شہریت کے حامل پانچ افراد کو سعودی سکیورٹی آرگنائزیشن نے دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
سعودی عرب کی سکیورٹی آرگنائزیشن نے ایران کے خلاف اپنے معمول کے الزامات کو دہراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان افراد نے ایران میں فوجی تربیت حاصل کی اور فوجی ہتھیار یمن منتقل کئے،اس بیان میں سعودی عرب میں متذکرہ افراد کے اثاثوں کو بلاک کرنے اور ان کے ساتھ کسی بھی طرح کے بالواسطہ یا بلاواسطہ تعامل کی ممانعت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ دعویٰ ایران کے خلاف کیا گیا ہے جب کہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے اسی قسم کے دعوے کے جواب میں ایران سے یمن میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی تردید کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے دعوے بے بنیاد ہیں جو جارح اتحاد اور ان کے مغربی حامیوں کی جانب سے بار بار دہرائے جار ہے ہیں۔