سچ خبریں:ایک روسی ہیکنگ گروپ نے اعلان کیا کہ اس نے یوکرین کو ہیمارس میزائل سسٹم بھیجنے کی وجہ سے ایک بڑی امریکی اسلحہ ساز کمپنی کو ہیک کر لیا ہے۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے ہیکنگ گروپ(Kilnet) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بڑی امریکی اسلحہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کی ویب سائٹس اور سروس ڈیپارٹمنٹس کو ہیک کر لیا ہے، اسپوٹنک کے مطابق (Kilnet)ہیکنگ گروپ کے بانی نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ان ویب سائٹس کے نام شائع کیے ہیں جو اس سائبر حملے کے نتیجے میں غیر فعال اور درہم برہم ہو گئی ہیں۔
ہیکر گروپ نے اس سائبر حملے کے اپنے مقصد کے بارے میں اعلان کیا کہ لاک ہیڈ مارٹن کمپنی کو دہشت گردوں کی مدد کرنے کے لیے ذمہ دار اور جوابدہ ہونا چاہیے، اس سائبر حملے کی بڑی وجہ کمپنی کا ہیمارس ملٹی پرپز میزائل سسٹم یوکرین بھیجنا ہے۔
اسپوٹنک کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں اس گروپ کے ہیکرز نے اس بڑی امریکی اسلحہ ساز کمپنی کے خلاف اعلان جنگ کیا اور وعدہ کیا کہ اس کمپنی پر سائبر حملہ ایک نئے اور اعلیٰ مرحلے میں داخل ہوگا۔
واضح رہے کہ یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے روس، یوکرین اور کیف کے مغربی اتحادی میدانی تنازعات کے علاوہ سائبر جنگ سمیت اس مشترکہ جنگ کی دیگر جہتوں میں بھی مسلسل لڑ رہے ہیں۔