سچ خبریں:امریکہ کے سابق صدرٹرمپ نے ریاست جارجیا میں اپنی ایک تقریر میں اپنے خلاف عدالتی کاروائیوں اور الزامات کا جواب دیا اور ان الزامات کی تردید کی۔
الجزیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملک کی ریاست جارجیا میں تقریر کرتے ہوئے اپنے خلاف قانونی کاروائیوں اور الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اس لیے مطلوب ہوں کیونکہ میں اپنے مخالفین اورطاقت کا غلط استعمال کرنے والے افراد کے مقابلے میں کھڑا ہوں۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن مجھے اپنے اہم سیاسی حریف کے طور پر قید کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ انتخابات میں میرا سامنا نہ کریں۔
سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارے ملک میں سب کچھ خراب ہے، مہنگائی بہت زیادہ ہے اور ان کے مجھ پر الزامات خوفناک ہیں لیکن اس صورتحال کی اچھی بات یہ ہے کہ اس سے میرے ووٹوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔
ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے کہ وہ ڈیموکریٹس اور جو بائیڈن کو شکست دیں گے،اس بات پر زور دیا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر میں ہار گیا تو وہ میرے پیچھے نہیں پڑیں گے اور ان کا مجھ سے کوئی لینا دینا نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے امریکی صدر کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی تاریخ میں بائیڈن سے زیادہ برا صدر کبھی نہیں ہوا،ٹرمپ کے مطابق ہمارے ملک کے اندرونی دشمن بیرونی دشمنوں سے زیادہ خطرناک ہیں۔