سچ خبریں: صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے مکینوں کے خلاف آنسو گیس کے استعمال اور ان پر حملے کے علاوہ منگل کی صبح سویرے ایک فلسطینی قیدی کے گھر کو بھی دھماکے سے اڑا دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے گزشتہ گھنٹوں کے دوران مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ حملے کیے،صہیونی عناصر نے نابلس کے جنوب میں واقع علاقے عقربا پر حملے کے دوران فلسطینی شہریوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان فلسطینی صہیونی فوجیوں کی گولی کا نشانہ بنا
بیت لحم شہر کے مشرق میں واقع گاؤں زعترہ میں بھی صہیونی فوجیوں کا حملہ دیکھنے کو ملا،عقربا پر صیہونی قابض فوج کے حملے اور اس علاقے میں آنسو گیس کے استعمال کے دوران عقربا میں مقیم متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
ان صہیونی فوجیوں نے عقربا کے علاقے میں فلسطینی اسیر اور حوارہ آپریشن کرنے والے اسامہ بنی فضل کے خاندان کے گھر کو بھی دھماکے سے اڑا دیا۔
قابض فوج نے الخلیل کے جنوب میں واقع الفوار کیمپ پر حملہ کرنے کے بعد رہائی پانے والے فلسطینی قیدی وعد جمال البدوی کو گرفتار کرلیا۔
الجزیرہ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی غاصبوں کے درمیان الخلیل کے مشرق اور شمال میں واقع بنی نعیم اور صوریف کے علاقوں میں جھڑپیں ہوئیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 111 بچوں سمیت 505 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: صیہونی افواج کے ساتھ جھڑپ میں درجنوں فلسطینی گرفتار اور زخمی
یہ اعداد و شمار اس حقیقت کے باوجود ہیں کہ طوفان الاقصیٰ لڑائی کے آغاز سے لے کر اب تک مغربی کنارے میں قابض فوج کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی تعداد 4540 تک پہنچ گئی ہے۔