سچ خبریں:یوکرین کے صدر نے ایک بار پھر اپنے ملک کی تعمیر نو کے لیے بیرون ملک روسی منجمد اثاثوں اور فنڈز کے حصول کا مطالبہ کیا۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک بار پھر اور اس بار عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ورکنگ گروپ کے اجلاس میں یوکرین کی مدد کے لیے روس کے بلاک شدہ فنڈز کو مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس سلسلے میں زیلنسکی نے کہا کہ روس کے بلاک شدہ اثاثوں کو استعمال کرنے کے لیے ایک مخصوص طریقہ کار پر کام کیا جانا چاہیے تاکہ یوکرین کو روسی فوجی حملے سے ہونے والے نقصانات کی تلافی ہو سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں یوکرین میں روسی فوجی کاروائیوں کے آغاز کے ساتھ ہی امریکہ اور یورپی ممالک نے روسی فوج کی پیش قدمی روکنے اور یوکرین کی حمایت کرنے کے لیے ماسکو کے خلاف سخت پابندیاں عائد کر دیں جب کہ یوکرین کو بھاری مقدار میں فوجی ہتھیار بھیجے۔
روس نے 24 فروریکو یوکرین میں اپنی فوجی کاروائی شروع کی۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس آپریشن کا مقصد یوکرین کو نازیوں سے صاف کرنے اور ان لوگوں کی حمایت کرنے کا اعلان کیا جو مشرقی یوکرین ڈونباس میں 8 سال سے یوکرینی حکومت کی غنڈہ گردی اور نسل کشی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔