سچ خبریں:فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے شام کی سرزمین پر صیہونی حکومت کی فضائی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ان جارحیتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دمشق کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے پر تاکید کی۔
شہاب خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے جمعہ کی شب شام پر صیہونی حکومت کے ہوائی حملے کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام کی سرزمین پر صیہونی دشمن کے گذشتہ رات کے حملے ہماری قوم کے خلاف صیہونی حکومت کے جرم، غنڈہ گردی ، قتل کے اور دہشت گردی جاری ہے۔
تحریک حماس کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم ان جارحیتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے بھائی ملک شام کی حمایت پر زور دیتے ہیں اور ہم شامی بھائیوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ ان بڑھتی جارحیتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بحیثیت ایک قوم اپنی طاقت کو مضبوط کیا جا سکے۔
حازم قاسم نے واضح کیا کہ علاقے میں صیہونی دشمن کی جارحیت کو وسعت دینے کا ہدف امت کے درمیان سرگرم اور بااثر قوتوں پر دباؤ ڈالنا اور انہیں فلسطینی کاز کے ساتھ یکجہتی سے روکنا ہے نیز خطے کی کچھ جماعتوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے مقصد کے حصول کے لیے وہ اس عمل کو استعمال کرتا ہے ۔