کرم میں امدادی قافلے کو حملہ آوروں سے بچانے کی کوشش کے دوران 5 سیکیورٹی اہلکار شہید

?️

ضلع کرم: (سچ خبریں) خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں شرپسندوں کے حملوں کے بعد امدادی قافلے کو بچانے کی کوششوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، شہدا میں ایف سی کے 4 اور پاک فوج کا ایک جوان شامل ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے پیر کو متعدد حملوں میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کے بعد کرم میں عسکریت پسندوں کے خلاف نئے آپریشن کا اعلان کیا ہے۔

تشدد کی تازہ لہر نے علاقے میں موجود غیر یقینی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، کیونکہ گزشتہ ماہ ہی کئی ماہ تک جاری رہنے والے تنازع کے بعد جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس میں تقریباً 130 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اپر کرم کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا واحد زمینی راستہ تھل۔پاراچنار روڈ ان مسلسل حملوں کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

رواں سال کے اوائل میں کرم میں متحارب دھڑوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے بعد سے علاقے کو بھاری سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ قافلوں کے ذریعے امداد فراہم کی جا رہی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو پاراچنار جانے والا امدادی قافلہ دوپہر کے وقت چپری گیٹ کے ذریعے لوئر کرم میں داخل ہوا۔

پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں قافلہ تھل۔پاراچنار روڈ پر جا رہا تھا کہ دوپہر ساڑھے 12 بجے کے قریب لوئر کرم میں مندوری کے قریب اوچاٹ کلی میں حملہ آوروں نے فائرنگ کردی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ قافلے کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور فوج کے 2 گن شپ ہیلی کاپٹروں نے جائے وقوع کے آس پاس کے علاقوں پر گولہ باری کی۔

وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ دو گھنٹے تک جاری رہا، حملے میں فوج کا ایک جوان شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار، دو ٹرک ڈرائیورز اور 4 شہریوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اسی مقام پر شام 6 بجے کے قریب فورسز نے پھنسے ہوئے امدادی ٹرکوں کو لوٹنے سے روکنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے دوسرا حملہ کردیا۔

حملہ آوروں نے فرنٹیئر کور کے ایک افسر کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم اس حملے میں ایک افسر محفوظ رہا۔

اس کے بعد رات تقریباً ساڑھے 8 بجے اوچاٹ کلے میں زخمی فوجیوں کو نکالنے کے لیے آنے والے ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس کے قافلے پر گورنمنٹ ہائی اسکول کے قریب گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید جبکہ 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کارروائی میں کتنے عسکریت پسند ہلاک یا زخمی ہوئے۔

حملے کے بعد پھنسنے والے ٹرک ڈرائیور گل فراز نے دعویٰ کیا کہ مساجد سے لاؤڈ اسپیکر پر گاڑیوں پر حملہ کرنے کے اعلانات کیے گئے تھے۔

ایک اور ڈرائیور اکرم خان نے بتایا کہ قافلے پر مقامی لوگوں نے حملہ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے بعد سے کئی ڈرائیور بھی لاپتا ہیں۔

گزشتہ ماہ وسطی کرم کے مختلف علاقوں بشمول مندوری، اوچاٹ، چارخیل، چپری اور پارہ میں عسکریت پسندوں کے قبضے سے علاقوں کو صاف کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے کئی روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ممکنہ ٹھکانوں پر حملوں کے لیے ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کا خیال ہے کہ کچھ عسکریت پسند اب بھی علاقے میں موجود ہوسکتے ہیں۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ’اپر اور لوئر کرم میں موجود عسکریت پسند اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مبینہ عسکریت پسند کمانڈر، جس کی شناخت کاظم کے نام سے ہوئی ہے اور لوئر کرم کا رہائشی ہے، ’ہر قیمت پر امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے‘۔

دوسری جانب ڈیرہ اسمٰعیل خان اور باجوڑ میں سڑک کنارے ہونے والے 2 دھماکوں میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلاچی میں سڑک کے کنارے نصب دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق آئی ای ڈی کو ریموٹ سے اڑایا گیا اور دھماکے میں پکڑی گئی سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دریں اثنا باجوڑ کی تحصیل بارنگ کے پہاڑی علاقے میں آئی ای ڈی دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت 57 سالہ ولایت خان کے طور پر ہوئی ہے۔

مشہور خبریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا اسٹیٹس تبدیل ہو چکا، اڈیالہ جیل منتقل کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ

?️ 25 ستمبر 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق

نیٹن یہو جھوٹا ہے، ہماری موت چاہتا ہے : صیہونی قیدی

?️ 26 اپریل 2025سچ خبریں: غزہ پٹی میں مقیم حماس کی عسکری شاخ عزالدین القسام

حنا خان کی کیموتھراپیز مکمل ہوگئیں

?️ 27 فروری 2025سچ خبریں: کشمیری نژاد بھارتی اداکارہ حنا خان نے مداحوں کو اپنی

جنت مرزا نے مقبولیت کی دوڑ  میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

?️ 10 اپریل 2021لاہور(سچ خبریں)پاکستان کی ٹاپ ماڈل، ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ جنت مرزا

بحرین کی حکومت نے 4 مخالفوں کی سزائے موت کا حکم جاری کیا

?️ 10 اکتوبر 2022سچ خبریں:   ورلڈ ہیومن رائٹس واچ اور بحرین رائٹس اینڈ فریڈمزسینٹر نے

جنرل (ر) فیض کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان واپس لانا چاہتے تھے، وفاقی وزیر

?️ 19 فروری 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے کہا

ہنیہ کے جانشین کے طور پر السنوار کے پیغامات

?️ 8 اگست 2024سچ خبریں: عراق کی سید الشہداء بریگیڈز کے سیکرٹری جنرل ابوآلاء الولائی

حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے کے الزام میں آئرش گلوکار پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

?️ 19 جون 2025سچ خبریں: حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے کے الزام میں قانونی مقدمے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے