?️
کراچی: (سچ خبریں) کمشنر کراچی نے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی سے جمع کیے گئے دودھ کے تمام نمونے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کی رپورٹ کے مطابق انسانی استعمال کے لیے مضر پائے گئے ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کمشنر کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 22 نمونوں میں فارملِن اور 8 نمونوں میں فاسفیٹ کی موجودگی وسیع پیمانے پر ملاوٹ کی نشاندہی کرتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دودھ سے بننے والی مصنوعات کی طلب میں موسمِ سرما کے دوران کمی کے باعث تازہ دودھ کی قیمت میں اضافے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
محکمہ زراعت، سپلائی اور قیمت، کمشنر اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے، ایک ڈیری فارمر نے 2023 میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں اکتوبر 2023 میں تازہ دودھ کی سرکاری قیمت کے تعین کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے طور پر کراچی کمشنر کی جانب سے رپورٹ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عدنان اقبال چوہدری کی سربراہی میں 2 رکنی بینچکے سامنے پیش کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مذکورہ نوٹیفکیشن اور اس کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن دودھ کی قیمتوں کے تعین کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اور عدالت کے احکامات کی روشنی میں جاری کیے گئے تھے، اور قیمتوں کے تعین کے لیے متعدد اجلاس بھی منعقد کیے گئے۔
تاہم، اس میں کہا گیا کہ تھوک فروشوں، کسانوں اور ریٹیلرز کی جانب سے اپنائے جانے والے صفائی اور حفاظتی معیارات انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک دودھ فروش ایسوسی ایشن کی درخواست پر پورے شہر میں دودھ کے نمونوں کے معیار کی جانچ کی گئی اور ان نمونوں کو ٹیسٹنگ کے لیے پی ایس کیو سی اے بھجوایا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ تجزیے کے بعد پی ایس کیو سی اے نے تمام نمونے انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دیے، 20 نومبر 2025 کے اجلاس میں پی ایس کیو سی اے کے نمائندے نے بتایا کہ دودھ فروشوں، تھوک فروشوں اور ڈیری فارمرز کے کے صفائی کے غیر معیاری طریقہ کار کی وجہ سے دودھ ناقابلِ استعمال پایا گیا، 22 نمونو پر فارملِن اور 8 جگہوں پر فاسفیٹ کی موجودگی بڑے پیمانے پر ملاوٹ کو ظاہر کرتی ہے‘۔
کمشنر نے مزید بتایا کہ ملاوٹ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دودھ فروش ایسوسی ایشنز کو مشترکہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کرنے کی ہدایات دی گئیں، تاکہ صفائی اور حفاظتی معیارات کو یقینی بنایا جا سکے، اور یہ ایس او پیز بعد ازاں 25 نومبر کو کمشنر آفس میں جمع کروا دیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 20 نومبر کے اجلاس میں بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے نمائندے نے مشاہدہ کیا کہ موسمِ سرما میں دودھ سے بنی مصنوعات کے استعمال میں کمی کے باعث اس وقت دودھ کی قیمت میں اضافہ کسی طور پر بھی جائز نہیں، اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ ماہ قیمتوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
بعد ازاں، 27 نومبر کو ایک تازہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں تازہ دودھ کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت 220 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی اور تمام ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ نرخ، درست پیمائش اور ایس او پیز کے مطابق معیار کو یقینی بنائیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ چونکہ درخواست گزار کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا جو ان رپورٹس کو چیلنج کرے، اس لیے رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔
اس سے قبل، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ 3 اکتوبر 2023 کے نوٹیفکیشن سے متاثر ہوا ہے، جس میں صوبائی حکام نے دودھ کی قیمت کو ایسے مقرر کیا تھا جو حکومت کے اپنے فارمولے کے مطابق طے شدہ اصل قیمت سے کم ہے۔
مئی میں بینچ نے کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول درخواست گزار، کی درخواستوں/تحریری نمائندگیوں پر غور کرے، انہیں منصفانہ اور مناسب سماعت دے اور کراچی میں دودھ کی قیمت کا تعین قانون اور موجودہ فارمولے کے مطابق ایک ماہ کے اندر کرے۔
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے یہ بھی ہدایت کی تھی کہ کمشنر ایک ماہ بعد تعمیل رپورٹ ہائی کورٹ کی ممبر انسپیکشن ٹیم-ون کے ذریعے جمع کرائے۔


مشہور خبریں۔
رفح میں صہیونیوں کے جرم پر سعودی عرب کا ردعمل
?️ 27 مئی 2024سچ خبریں: سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی کے جنوبی
مئی
امریکہ میں فاشزم کے عروج کے آثار
?️ 20 جولائی 2022سچ خبریں: ایک امریکی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا
جولائی
بائیڈن انتظامیہ کی بن سلمان کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو چھپانے کی کوشش
?️ 3 اکتوبر 2022سچ خبریں:امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ بن سلمان کی سعودی عرب
اکتوبر
صیہونی توپ خانے کا لبنانی سرحد پر حملہ
?️ 20 جولائی 2021سچ خبریں:صیہونی حکومت نے منگل کی صبح ایک نئے حملے میں لبنانی
جولائی
شام کی عرب لیگ میں واپسی زیر غور
?️ 25 جون 2022سچ خبریں:عرب لیگ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نے زور دیا کہ اس
جون
تمام ممالک کو اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرنی چاہیے
?️ 19 فروری 2024سچ خبریں:ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم کے جواب میں
فروری
عمران خان پر حملہ، مقدمہ درج کرنے کیلئے وفاق کا حکومتِ پنجاب کو خط
?️ 7 نومبر 2022اسلام آباد:(سچ خبریں) وفاقی حکومت نے وزیر آباد میں لانگ مارچ کے
نومبر
سارہ خان کی کم سن بیٹی کو نماز پڑھنا سکھانے کی ویڈیو وائرل
?️ 18 فروری 2024کراچی: (سچ خبریں) اداکارہ سارہ خان کی جانب سے اپنی کم سن
فروری