لاہور: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔صدر پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آج شام لبرٹی چوک سمیت لاہور بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
گذشتہ روز بھی عمران خان پر حملے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے، بعض مقامات پر مظاہرین نے دھرنے بھی دئیے، کئی مقامات پر مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر شاہرائوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں۔
پی ٹی آئی نے پارٹی چیئرمین عمران خان پر حملے کے خلاف نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاجی مظاہروں کی کال دی تھی۔ مرکزی و صوبائی رہنمائوں کی قیادت میں کارکنان مرکزی شاہراہوں پر جمع ہو گئے اور وفاقی حکومت کے خلاف اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
تحریک انصاف کے سٹوڈنٹس ونگ اور لائرز ونگ کی جانب سے مال روڈ پر گورنر ہائوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے گورنر ہائوس کے مرکزی دروازے کے بالکل قریب ٹائروں کو آگ لگا دی جس سے آگ کے شعلے بلند ہوتے رہے۔ اس دووران مظاہرین کی جانب سے گورنر ہائوس کے دروازے پر لاتیں بھی برسائی گئی اور اسے توڑنے کی کوشش کی گئی، کئی مظاہرین دروازے کے اوپر چڑھ کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ کارکنان کی جانب سے گورنر ہائوس کے مرکزی دروزے پر لگے بیرئیرز، سی سی ٹی وی کیمرے اورگلوب توڑ دیئے گئے۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے فیروز پور روڈ پر مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دیا جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے میٹرو بس سروس کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تحریک انصاف کے کارکنان نے کلمہ چوک اور شنگھائی پل کے قریب ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرے کئے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں جبکہ اس موقع پر دھرنا بھی دیا گیا۔
تحریک انصاف داتا گنج بخش ٹائون لاہور کے کارکنان نے بابوصابو چوک پر احتجاج کیا جس سے شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہربنس پورہ میں رنگ روڈ بلاک کرکے پارٹی چیئرمین عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔