اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ٹاپ بیوروکریسی کی ترقیوں کے لیے اعلیٰ اختیارتی سلیکشن بورڈ (سی ایس بی) کا اجلاس مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق بورڈ اجلاس کے انتظار میں کئی افسران گریڈ 21 میں ہی ریٹائرڈ ہوگئے اورگریڈ 22 میں ترقیوں سے محروم رہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد آسامیاں دستیاب ہونےکے باوجود بورڈ اجلاس نہ ہونے کے نتیجے میں افسران کی گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقیاں مسلسل التواکا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈاجلاس میں تاخیر سے پولیس سروس کےغلام رسول، احسان صادق، اشتیاق احمد، فیاض احمد، سلطان علی خواجہ، عبد القادر قیوم، صابر احمد اور خالد خٹک گریڈ21 میں ریٹائر ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز (پی اے ایس) کےخاقان مرتضیٰ اور محمد حسن اقبال گریڈ21 میں ریٹائر ہوچکے ہیں۔
بورڈاجلاس میں تاخیرسے سیکریٹریٹ گروپ کے بھی کئی افسران گریڈ 21 میں ریٹائر ہوگئے ہیں۔
سیکریٹریٹ گروپ کے ڈاکٹرعامر ارشاد شیخ، عامر محمود حسین، سید خالد رضا، محمد سلمان، معراج انیس عارف، سلیم خان اور منیر احمد گریڈ21 میں ریٹائر ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ اختیارتی سلیکشن بورڈکا اجلاس وزیراعظم کی سربراہی میں ہونا ہے، اجلاس کب منعقد ہوگا اس کا فیصلہ بھی وزیراعظم نے کرنا ہے۔
دریں اثنا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے مطابق گزشتہ سال 25 نومبر کو 17 ماہ کے طویل انتظار کے بعد ہونے والا بورڈ اجلاس متلوی ہوگیا تھا جس سے اعلیٰ بیوروکریٹس کی ترقیاں رک گئیں تھی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’سلیکشن بورڈ کا 25 سے 27 نومبر کو ہونے والا اجلاس گریڈ 19 سے 20 اور گریڈ 20 سے 21 کے افسران کی ترقیوں کے کیسز پر غور کرنے کے لیے اب 23، 24، 26 اور 27 دسمبر کو ہوگا۔‘
خیال رہے کہ گریڈ 19 سے 21 تک بیوروکریٹس کی پروموشن کا فیصلہ کرنے والے سی ایس بی کو قانون کے مطابق سال میں دو بار اجلاس کرنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اعلی اختیارتی سلیکشن بورڈکا آخری بار اجلاس مارچ 2023 میں ہوا تھا۔