اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم نے چین میں ان کے ساتھ جانے والے وزرا کو ہدایت دے دی ہے کہ چین جانے والے وزراء کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنائیں، دورہ چین بہت سے منصوبوں سے متعلق چینی حکام سے بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین میں 5 وزرا ان کے ساتھ جائیں گے، وزیراعظم نے وزرا کو دورہ چین سے متعلق ہدایت دے دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے متعلقہ وزرا سے وزراتوں سے متعلق اہم بریفنگ لیں۔عمران خان نے کہا کہ اہم دورہ ہے چین جانے والے وزرا کورونا سے متعلق احتیاط برتیں، دورہ چین میں مفاہمتی یادداشتوں، منصوبوں سے متعلق مکمل تیاری کریں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک میں اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی ہوں گے، وزیراعظم چینی تاجر برادری اور صنعتکاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے جس کے بعد چینی تاجروں کی جانب سے پاکستان میں آئندہ سرمایہ کاری کی توقع کی جاسکتی ہے۔