اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے بدھ تک کالعدم تنظیم کے کیسز واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ تک کالعدم تنظیم کے کیسز واپس لے لیں گے، شیڈول فور کو بھی دیکھیں گےانہوں نے راولپنڈی میں کنٹینرز ہٹانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ سعد رضوی سے ون آن ون ملاقات اور تفصیلی بات ہوئی ہے، مرید کے میں بیٹھے لوگ بدھ کو واپس چلے جائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں کنٹینرز ہٹانے کی ہدایت کی ہے، اسلام آباد کے آئی جی کو کہہ رہا ہوں کہ کنٹینرز ہٹا دو، البتہ جی ٹی روڈ پر کنٹینرز موجود رہیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت کا پنجاب میں تیسرا بڑا ووٹ بینک ہے، تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ مذہبی لوگوں سے ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیئے، احتجاج ان کا حق ہے، حکومت کا کام ہے کہ لچک رکھے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ ریاست کا کام ہے کہ صلح کا معاملہ رکھے، حکومت کو جوڈو کراٹے نہیں کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمان دنیا کی واحد نیو کلیئر اسٹیٹ ہے، افغانستان کے بعد پاکستان پابندیوں سے محفوظ رہا، البتہ ملک کے معاشی حالات بہت سخت ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت فرانس کا سفیر نہیں ہے، فرانس کے سفیر والا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے، کوشش ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال بہتر رہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پیر کو وزارتِ داخلہ میں آؤں گا، ڈی جی آئی ایس آئی کے فیصلے کا وزیرِاعظم عمران خان یا ان کے ترجمان کو پتہ ہوگا۔شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگلا بجٹ الیکشن بجٹ ہو گا، لوگ ابھی سے الیکشن مہم پر نکل پڑے ہیں۔