لاہور (سچ خبریں) وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کو کشمیر کا وکیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کشمیر کے حقیقی وکیل ہیں، انہوں نے مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ مؤقف اپنایا ہے، ماضی کے حکمرانوں نے کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی۔
لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان نے مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کرنے کی مذموم کوشش کی، ماضی کے حکمرانوں نے کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جعل ساز الیکشن میں کشمیر کے جعلی وکیل بن کر عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے، عمران خان نے مسئلہ کشمیر ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور طریقے سے اٹھایا۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوائنٹ اسکورنگ اپوزیشن کو زیب دیتا ہے، نہ یہ قومی مفاد میں ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوشش کی اور اس حوالے سے انہوں نے بھارتی حکومت کے مظالم کو دنیا کے سامنے عیاں کیا اور بھارتی چہرے کو پوری دنیا میں بے نقاب کیا۔