لاہور(سچ خبریں) لاہور کی مقامی عدالت نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ایڈیشنل سیشن جج لاہور حافظ حسنین اظہر شاہ کی عدالت میں شہباز گل کے خلاف نجی کمپنی کی جانب سے دائر استغاثہ پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے شہباز گل کی عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور حکم دیا کہ شہباز گل یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں اور 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔
عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا کہ شہباز گل کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی تھی لیکن ان کے نمائندے بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور عدالت میں ساڑھے 3 بجے تک کیس انتظار میں رکھا گیا۔
واضح رہے کہ نجی کمپنی نے وکیل میاں علی اشفاق کی وساطت سے شہباز گل کے خلاف دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔درخواست گزار کمپنی کا کہنا ہے کہ شہباز گل نے نجی ٹی وی پروگرام میں کمپنی پر جھوٹے اور بے بیناد الزامات عائد کیے جبکہ ملزم کے الزام سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں لاہور کی میٹرو بس کا ٹھیکہ دینے کے بیان پر کمپنی نے شہباز گل کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔بعد ازاں معاون خصوصی نے دعویٰ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔