اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر اعظم نے ایک فیصلہ لیتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا گیا ہے، مرزا آفریدی کا تعلق خیبرپختونخوا میں ضم شدہ علاقے ضلع خیبر سے ہے،وہ سابق فاٹا سے تحریک انصاف کے رکن ہیں ان کا نام آج فائنل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرزا محمد آفریدی کی نامزدگی کا فیصلہ وزیراعظم کے ظہرانے میں فائنل کیا گیا، پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں نے بھی مرزا آفریدی کے نام پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے مرزا محمد آفریدی کے حوالے سے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا، ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ سابقہ فاٹا کی محرومیوں کو دور کیا جائے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے تحفظات سے آگاہ ہوں، انہیں مایوس نہیں کریں گے، کل تمام سینیٹرز ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں، ایوان بالا میں ہم کامیاب ہوں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے متعلق پارٹی اور اتحادی سینیٹرز کو ہدایات جاری کردیں۔
عمران خان نے پارٹی اور اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کچھ بھی کرلے این آر او نہیں ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے معیشت کو ٹریک پر کھڑا کر دیا، ہماری ترجیحات عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، مہنگائی سمیت مسائل سے آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے، کل تمام ارکان اپنی حاضری بروقت یقینی بنائیں۔