اسلام آباد: (سچ خبریں) ایف آئی اے نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس اور سائفر آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے سائفر سے متعلق تحقیقات کے لیے عمران خان کو 3 نومبر کو دن 12 بجے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے تحقیقات کررہا ہے جس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور دیگر پی ٹی آئی رہنما اور ایک سرکاری اعلیٰ افسر بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مبینہ آڈیو لیکس میں عمران خان، ان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا کہ کس طرح سائفر کے معاملے پر کھیلا جائے۔
جس کے بعد وفاقی کابینہ آڈیو لیکس کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، بعد ازاں کابینہ نے بھی معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی تحقیقات کی منظوری دی تھی۔
علاوہ ازیں ایف آئی اے نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 3 نومبر اور اسد عمر کو 2 نومبر کو (آج) ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، بعد ازاں شاہ محمود قریشی کو پچھلے ہفتے بھی ایف آئی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن وہ پیش نہ ہوسکے۔
دوسری جانب ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے لاہور نے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 نومبر کو لاہور آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
یہ نوٹس الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے اس فیصلہ کے بعد جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق عمران خان نے اپنی اجازت سے کھولے جانے اور استعمال کیے جانے والے کچھ بینک اکاؤنٹس کو چھپایا تھا۔