اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کریں انہوں نے ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر قسم کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اس وقت ملک کو کرونا کی چوتھی لہر کاسامنا ہے، جس کے باعث کیسز میں اضافہ ہورہاہے، عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے ہر قسم کے اقدامات کئےجائیں گے،اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دوبارہ سے استعمال کیاجائے گا اور بشمول فوج انتظامیہ سے مدد لی جائے گی، کیونکہ چوتھی لہر سے نمٹنے کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ ویکسین بھی نہایت اہم مرحلہ ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کرینگے کہ سیاحت کو کھلا رکھا جائے جس کے لئے ویکسی نیشن نہایت ضروری ہے، عوام سے ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں کہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور ہجوم والی جگہوں پر جانےسے گریز کریں
اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان نےویکسین کی قلت کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے ،کہیں بھی کمی کی شکایت نہیں، ویکسین کے ذریعے ہی آبادی کو کرونا سے بچا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ آج بھی ملک بھر میں کرونا کے 1808 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 15 افراد عالمی وبا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔
یاد رہے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے دو ورز قبل اپنے پیغام میں کہا تھا کہ چند ہفتے پہلے ہی مصنوعی ذہانت کے ماڈلز نے چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کیا تھا، اب کرونا کی چوتھی لہرکےآغازکےواضح ابتدائی آثار نظر آرہے ہیں، ایس او پیزکی ناقص تعمیل ، مختلف اقسام کا پھیلاؤ،خصوصا بھارتی اقسام کا وائرس کوروناکی چوتھی لہرکی اہم وجہ ہے۔