لاہور (سچ خبریں) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی جانب سے ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، انہوں نے مختلف محکموں میں ایک لاکھ آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی تھی، مشکل معاشی حالات میں ایک لاکھ نوکریوں کااعلان عوام کے لیے تحفہ ہے۔ان نوکریوں سے لاکھوں گھروں میں خوشحالی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ہیش ٹیگ “ایک لاکھ نوکریاں” سب سے اوپر ہے، ہزاروں لوگوں نے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ایک لاکھ نوکریوں کے اعلان کو سراہا۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں ایک لاکھ نوکریوں کااعلان عوام کے لیے تحفہ ہے، ان نوکریوں سے لاکھوں گھرانوں میں خوشحالی آئے گی۔ترجمان نے مزید کہا ہمارا اولین مقصد تعلیم، تجربے اور شفافیت کو فوقیت دینا ہے، ایک لاکھ نوکریوں سےاداروں کی سروس ڈیلیوری میں بھی بہتری آئےگی، حکومت پنجاب خدمت کی سیاست پرعمل پیرا ہے۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر کے مختلف محکموں میں ایک لاکھ آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی تھی اور ہدایت کی ریکروٹمنٹ پالیسی کے مطابق بھرتی کا عمل شفاف اور خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
پہلے مرحلے میں محکمہ تعلیم میں 33 ہزار خالی آسامیوں میں سے 16 ہزار کو پر کیا جائے گا، محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر میں 1200 خالی آسامیاں، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر 2900، ہائر ایجوکیشن 2600، کالج ٹیچرز انٹرنز 3500، سول ڈیفنس 1200، محکمہ جیل خانہ جات میں 4300 اور پٹواریوں کی 4800 آسامیاں مرحلہ وار پر کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بھرتیوں کا میرٹ تعلیم اور تجربہ ہے، عوام کو پتہ ہے کہ وزیراعلیٰ نے ٹھوس بنیاد پر حکمت عملی بنائی اور بات چیت سے مسائل حل ہوئے، اگر کوئی پرفارم نہیں کرے گا تو وہ تبدیل ہوگا، اگر پچیس بار تبدیل کرنا پڑے تو یہ کیا جائے گا۔