حکومت کا آئی پی پیز کو ادائیگیوں میں ایک ہزار 500 ارب روپے کی بچت کا دعویٰ

🗓️

اسلام آباد: (سچ خبریں) حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اب تک مجموعی طور پر 27 آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو مستقبل کی ادائیگیوں میں تقریباً ایک ہزار 500 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، جب کہ ایک پاور پروڈیوسر کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر محسن عزیز کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے روبرو وفاقی وزیر اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد علی اور وفاقی سیکریٹری محمد فخر عالم عرفان پر مشتمل پاور ڈویژن کی ٹیم نے پریزنٹیشن دی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں پیش کی جانے والی ایک سلائیڈ میں بتایا گیا کہ مذکورہ بچت کنٹریکٹ کی مدت کے دوران معاہدوں اور ٹیرف میں تبدیلی کے ذریعے صارفین تک پہنچائی جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے خاتمے سے 411 ارب روپے، 8 آئی پی پیز کے ساتھ ٹیرف معاہدوں پر نظر ثانی کے ذریعے 238 ارب روپے اور 14 تھرمل آئی پی پیز کے ساتھ ٹیرف میں ترمیم کے ذریعے 922 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔

قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مزید بچت کے لیے پبلک سیکٹر کے 45 پاور پلانٹس کے ساتھ بات چیت جاری ہے، وزیر توانائی اویس لغاری نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ حکومت نہ تو شمسی نظام کی حوصلہ شکنی کرے گی اور نہ ہی کوئی ٹیکس عائد کرے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد علی نے کہا کہ حکومت 5 آئی پی پیز کو 70 سے 80 ارب روپے ادا کر رہی ہے جن کے کنٹریکٹ ختم ہو چکے ہیں، جن میں سے 30 ارب روپے صرف حب پاور کمپنی کو دیے گئے ہیں۔

انہوں نے اس خیال کو مسترد کیا کہ آئی پی پیز کو دباؤ کی حکمت عملی کے ذریعے معاہدوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ تاخیر سے ادائیگی کے سرچارج کی مد میں تقریباً 300 ارب روپے کے واجبات مذاکراتی عمل کے ذریعے معاف کیے جا رہے ہیں، جن میں 100 ارب روپے پہلے ہی معاف کیے جا چکے ہیں۔

فرانزک آڈٹ

سینیٹر شبلی فراز کے اس سوال کے جواب میں کہ فرانزک آڈٹ کیوں نہیں کیا گیا، کیونکہ ماضی میں آئی پی پیز کو کھربوں روپے ادا کیے گئے تھے، محمد علی نے کہا کہ پاکستان کے پاس 50 سے 60 پلانٹس کا فرانزک آڈٹ کرنے کی گنجائش نہیں، اور اس کے لیے بہت زیادہ رقم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمیٹی نے 2020 میں اس طرح کے آڈٹ کے لیے 2 کروڑ 20 لاکھ روپے مانگے تھے، لیکن ایک روپیہ بھی نہیں مل سکا، تاہم اب آئی پی پی کی جانب سے ٹیرف پر نظر ثانی کے لیے بات چیت پر رضامندی ظاہر نہ کرنے کا آڈٹ کیا جائے گا، مذاکرات کی میز پر نہ آنے والے آئی پی پی کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ آئی پی پیز نے ایندھن اور کارکردگی کے معیار میں گمراہ کرکے حکومت سے غیر ضروری ادائیگیاں حاصل کی ہیں، لیکن ٹھوس شواہد کے بغیر اوور انوائسنگ کے الزامات ثابت کرنا بہت مشکل ہے، اور اس طرح کی کوشش ناکام ہوسکتی ہے اور اسپانسرز بین الاقوامی ثالثی عدالت جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق ٹاسک فورس مذاکرات کے ذریعے اس معاملے کو حل کر رہی ہے، کیونکہ اس نے 20 سال سے ان پلانٹس کی بیلنس شیٹ کا جائزہ لیا ہے۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی پی پیز پر محمد علی رپورٹ پر عمل درآمد نہیں کیا، موجودہ حکومت پہلے ہی بغیر کسی صوابدید یا حق کے آئی پی پیز سے 14 کھرب روپے سے زائد وصول کرچکی ہے۔

سینیٹر محسن عزیز نے آئی پی پیز پر ٹاسک فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ ان بچتوں سے صارفین کو کب فائدہ ہوگا؟ محمد علی نے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت اور معاہدوں کے نفاذ کے ساتھ یہ آہستہ آہستہ صارفین تک فائدہ پہنچے گا۔ جون 2024 سے اب تک بجلی کے نرخوں میں 4 روپے 11 پیسے فی یونٹ کمی آچکی ہے، اور ٹیرف میں مزید نمایاں کمی متوقع ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے پاور پلانٹس کے لیے 17 فیصد ریٹرن مقرر کیا ہے، جب کہ گزشتہ دہائیوں میں یہ شرح 35 فیصد تھی۔

معاون خصوصی محمد علی نے کہا کہ حکومت نے بجلی گھروں سے 35 ارب روپے وصول کیے، جو وفاقی حکومت نے ایندھن کے عوض ادا کیے تھے۔

مزید برآں، حکومت نے 45 قابل تجدید پلانٹس پر مذاکرات کا آغاز کیا ہے تاکہ پائیدار نرخوں پر مذکورہ پلانٹس پر منافع کے مارجن کو کم کیا جاسکے۔

پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے معاون خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت گردشی قرضوں پر سود کو ترک کرنے اور آئندہ 5 سے 7 سال میں اسٹاک گردشی قرضوں کی ادائیگی کے لیے ایک ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔

مشہور خبریں۔

کراچی بارش رکے کئی گھنٹے گزر گئے، سڑکیں تاحال زیرِ آب

🗓️ 4 فروری 2024اسلام آباد: (سچ خبریں)کراچی میں گزشتہ رات کی بارش نے شہری انتظامیہ

جنوبی افریقہ کا اسرائیل کے خلاف اہم قدم

🗓️ 23 نومبر 2023سچ خبریں: جنوبی افریقہ کے ارکان پارلیمنٹ نے اس ملک میں اسرائیلی

بن سلمان کے خیالی منصوبوں کا بین الاقوامی میڈیا میں مذاق

🗓️ 22 اگست 2022سچ خبریں:متعدد بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے محمد بن سلمان کے خیالی

غیر ملکی مشنوں میں برطانوی پارلیمنٹیرینز کی اخلاقی بدعنوانی کا پردہ فاش

🗓️ 29 دسمبر 2022سچ خبریں:  برطانوی نمائندہ جو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں سے ایک

انسٹاگرام پر عریاں ویڈیوز و تصاویر کو چھپانے کے فیچر کی آزمائش

🗓️ 14 اپریل 2024سچ خبریں: سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر عریاں ویڈیوز اور تصاویر

کاظمی نے عراقی سیاسی گروپوں کا قومی اجلاس بلایا

🗓️ 16 اگست 2022سچ خبریں:   عراق کے امور حکومت کے وزیر اعظم مصطفیٰ کاظمی نے

سابق چیف جسٹس رانا شمیم پر فرد جرم عائد

🗓️ 20 جنوری 2022اسلام آباد(سچ خبریں ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس

خیبرپختونخواہ: سیکیورٹی فورسز کی کاروائی، ٹی پی پی کمانڈرہلاک، کیپٹن شہید

🗓️ 30 ستمبر 2021پشاور (سچ خبریں) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے