اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر ہے ، اگر پاکستان کے مشور ے کے مطابق عمل کیا جاتا تو افغانستان کی صورتحال یہ نہ ہوتی جو اس وقت دیکھنے کو مل رہی ہے،دنیا افغانستان کے عوام کو تنہا نہ چھوڑے، ان کی ناکامی کا انتظار نہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے حالات پر گہری نظر ہے، افغانستان میں انخلا بڑا مسئلہ ہے اس میں پوری مدد کر رہے ہیں، دنیا افغانستان سے متعلق خطرات کو سمجھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیا نے پاکستان کے مشورے پر عمل کیا ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی، وزیر اعظم عمران خان نے جو بات کی وہ حرف بحرف درست ثابت ہوئی، دنیا افغانستان کے عوام کو تنہا نہ چھوڑے، ان کی ناکامی کا انتظار نہ کرے۔ انتظامی اور مالی لحاظ سے جو مدد فراہم کی جاسکتی ہے وہ افغانستان کو دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انخلا سے متعلق دنیا پاکستان کے کردار کی معترف ہے، فیصلے طاقت کے بجائے عقل مندی سے کرنے چاہئیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو بھارت سے فنڈ مل رہے تھے، ٹی ٹی پی نے جو دہشت گردی کی وہ بیرونی فنڈنگ کے بغیر ممکن نہ تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زر مبادلہ کے ذخائر 27 ارب ڈالر ہو چکے ہیں، ترسیلات زر 29 ارب ڈالر سے زائد ہو چکی ہیں، زرعی شعبے میں 11 سو ارب کاشت کاروں کو ملے۔اپوزیشن کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ پہلے شہباز شریف طے کرلیں ان کی جماعت کی قیادت کون کرے گا، شادیاں ضرور کریں لیکن ہمارے پیسے سے نہ کریں، آپ کو پاکستان کے پیسے واپس کرنے ہوں گے۔