لندن (سچ خبریں) عالمی وبا کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے اب اس کے سد باب کیلئے دنیا بھر میں مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں اسی سلسلے میں برطانیہ میں ایسا لارم ایجاد کیا گیاہے جو کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ دے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے برطانوی سائنسدانوں نے کوویڈ الارم بنانے کا دعویٰ کیا ہے، بہر حال ابھی ابتدائی نتائج سامنے آئے ہیں اور تفصیلی نتائج کا سامنے آنا باقی ہے ۔تاہم لندن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق چھت پر لگا الارم کمرے میں وائرس کی موجودگی کی 15 منٹ میں نشاندہی کردے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن اسکول آف ہائی جین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن اور ڈرہم یونیورسٹی نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ الارم ڈیوائس کا نتیجہ 98 سے 100 فیصد درست ہوگا۔محققین کا کہنا ہے کہ الارم کے متعلق دعویٰ ابتدائی نتائج پر مبنی ہیں، تفصیلی جائزہ لیا جانا باقی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ الارم طیاروں، کلاس رومز، کئیر ہومز اور گھروں میں نصب کیا جاسکے گا جبکہ کمرے میں وائرس کی موجودگی کی اطلاع کمپیوٹر یا موبائل فون پر بھیجے گا۔اگر اس کے نتائج اپنے آخری مرحلے تک پہنچ جاتے ہیں تو محققین اسے اہم کامیابی سمجھ رہے ہیں۔