ٹوکیو(سچ خبریں) جاپان کی کار ساز کمپنی ہونڈا نے اپنی گاڑیوں کی پیداوار کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا، کمپنی کی جانب سے کیے جانے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’2040 تک بنائی جانے والی تمام گاڑیوں کو ایندھن کے بجائے ہائیڈروجن یعنی الیکٹرک اور فیول سے چلایا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کی کارساز کمپنی ہونڈا نے جمعے کے روز اگلے 19 سالوں میں اپنی تمام گاڑیاں 100 فیصد الیکٹریکل سسٹم بنانے کا اعلان کیا۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے نئے سربراہ توشیرو مائیب کا کہنا تھا کہ ’الیکٹرک اور فیول سیل گاڑیوں کا ہدف یقیناً مشکل ہے لیکن کمپنی ناممکن کو ممکن بنانے کا عزم رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 19 سالوں کے لیے طے شدہ اہداف کے مطابق 2030 تک 40 فیصد جبکہ 2035 تک 80 فیصد نئی گاڑیاں تیار کر کے فروخت کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ’سنہ 2040 تک عالمی مارکیٹ میں صرف الیکٹرک اور فیول سیل گاڑیاں فروخت کی جائیں گی، اس کے لیے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کے سربراہ کا یہ بیان جاپانی وزیر اعظم یوشیہدے سوگا کے اُس اعلان کے بعد سامنے آیا، جو انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے بنائی جانے والی کانفرنس میں کیا۔ایک روز قبل جاپانی وزیر اعظم نے عالمی کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ ’جاپان 2030 تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج 46 فیصد کم کردے گا۔