سچ خبریں:جرمن وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین یوکرین کو مزید ہتھیار بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یورونیوز کی رپورٹ کے مطابق جرمن وزیر خارجہ اینالنا بربوک نے اعلان کیا کہ یورپی یونین یوکرین کو مزید ہتھیار اور فوجی ساز و سامان بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے، لکسمبرگ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے، بربوک نے کہا کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل میں اضافے پر اتفاق کیا۔
جرمن عہدہ دار نے کہا کہ کہ یوکرینیوں کی سلامتی کا دفاع صرف ہتھیاروں سے کیا جا سکتا ہے،یہی وجہ ہے کہ ہم یورپی یونین کے رکن اور یوکرائنی عوام کے دوست ہونے کے ناطے اس ملک کو ہتھیاروں کی فراہمی میں اضافہ کریں گے۔
دوسری طرف یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم(OSCE) کے ایک سینئر روسی سفارت کار نے کہا ہے کہ مغرب یوکرین کے تنازع کا سفارتی حل نہیں چاہتا، یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم میں روس کے مستقل نمائندے الیگزینڈر لوکاشیوچ نے کہا کہ مغرب یوکرین کے تنازع کا سفارتی حل نہیں چاہتا اور وہ کیف کو عسکریت پسندی کی طرف دھکیل رہا ہے۔
روسی سفارت کار نے یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم کی مستقل کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ یوکرین کی غیر ملکی پشت پناہی کس طرح انہیں سیاسی اور سفارتی طور پر مسلسل انتشار میں ڈال رہی ہے۔