سچ خبریں:خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نے دعویٰ کیا کہ یہ کونسل یمن کے بحران کو سیاسی طور پر حل کرنے کی خواہاں ہے۔
الخلیج آن لائن کی رپورٹ کے مطابق مستعفی یمنی حکومت کے وزیر خارجہ احمد عوض بن مبارک نے خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نائف الحجرف سے ریاض میں واقع کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی،رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران نائف الحجرف نے یمن کے بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے اور یمن میں سلامتی، استحکام اور امن کے حصول کے لیے جی سی سی کے مضبوط موقف پر زور دیا۔
الحجرف نے دعویٰ کیا کہ جی سی سی ممالک یمنی عوام کے مفاد میں ہر چیز کی حمایت جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے،ملاقات کے دوران فریقین نے یمن کے سیاسی، عسکری اور اقتصادی حالات کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ خلیج تعاون کونسل سعودی حکومت کے توسیع پسندانہ اور جارحانہ اہداف اور پالیسیوں کی خدمت میں ایک آلہ کی حیثیت رکھتی ہے،جی سی سی کے سکریٹریٹ نے 17 مارچ کو اعلان کیا کہ وہ یمن کے مستقبل پر بات چیت کے لیے جلد ہی یمنی فریقوں کے درمیان مشاورت کی میزبانی کرے گا اور جنگ بندی نیز امن مذاکرات کے آغاز کی حوصلہ افزائی کی۔