سچ خبریں:خبروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی کنارے میں ایک نئے مزاحمتی گروپ نے اپنے وجود کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے میں ایک نئے مزاحمتی گروپ نے اپنے وجود کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں فلسطینی مجاہدین نے رام اللہ میں جلزون بٹالین کے نام سے ایک نئی بٹالین کی تشکیل کا اعلان کیا۔
دوسری جانب اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ مزاحمتی مجاہدین نے طولکرم کے جنوب مشرق میں واقع شوفہ گاؤں میں صہیونی آبادکار افنی حیفٹس کو گولی مار دی،گذشتہ دنوں فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے شیخ خضر عدنان کی شہادت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا جس میں صیہونیوں کی مسلسل جارحیت کے جواب میں مغربی کنارے میں ہر قسم کی مزاحمت کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ۔
اسی بنا پر فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ فلسطینی قوم صیہونی حکومت کے جرائم کے مقابلے میں خاموش نہیں رہے گی،بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم مزاحمت کی شدت کا باعث بنیں گے اور مقابلہ آزادی کا واحد راستہ ہے۔
فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک نے بھی ایک بیان میں صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات میں اضافے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فلسطینی شہریوں کا خون بہا کر اپنے لیے سلامتی پیدا نہیں کرسکتے اور ان کے جرائم تمام میدانوں میں غصے اور انتفاضہ کا باعث بنیں گے۔
دوسری جانب عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی حکومت کے اقدامات میں شدت نسل پرستانہ سیاست کے دائرے میں آتی ہے نیز اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما عبدالحکیم حنینی نے اس بات پر تاکید کی کہ اس تحریک کی عسکری شاخ شہید عزالدین قسام بٹالین کے شہداء نے مسجد الاقصیٰ کے خلاف صیہونی دشمن کی جارحیت کا عملی جواب دیا ہے۔