سچ خبریں:فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے مغربی کنارے میں صیہونی غاصبوں اور آبادکاروں کی بے دخلی تک انقلاب کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے رام اللہ کے مغرب میں حلمش قصبے کے قریب فلسطینی گاڑی کی ٹکر سے ایک صہیونی فوجی کے زخمی ہونے پر ردعمل ظاہر کیا،قاسم نے کہاکہ اس آپریشن نے ایک بار پھر ظاہر کیا کہ ہمیں پورے مغربی کنارے میں ایک انقلابی کارروائی کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مغربی کنارے کے شہروں میں مزاحمت کا پھیلنا قابضین کے وجود، فلسطینی عوام کے خلاف ان کی مجرمانہ پالیسیوں، اس قوم کے مقدسات اور اس کے بہادر اسیروں کے خلاف مظالم پر ایک فطری ردعمل ہے،انہوں نے تاکید کی کہ مغربی کنارے میں انقلاب کی آگ صہیونی غاصبوں اور آبادکاروں کو نکال باہر کرنے کے سوا نہیں بجھے گی۔
یادرہے کہ منگل کو صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ اس حکومت کے ایک 19 سالہ فوجی کو ہلمش قصبے کے قریب "نفیہ تسوف” چوراہے کے قریب ایک فلسطینی گاڑی نے ٹکر ماردی، رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسرائیلی اسپتال منتقل کیا گیا اور فلسطینی ڈرائیور کو صہیونی فوج نے گرفتار کرلیا۔