سچ خبریں:فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے غزہ کی پٹی میں مسجد الاقصی پر جارحیت پر صیہونیوں کو خبردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یروشلم میں غاصب حکومت کو شکست ہوئی ہے۔
غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے صہیونی دشمن کو مسجد الاقصی پر کسی بھی حملے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے تاکید کی کہ صیہونیوں کو مقبوضہ بیت المقدس پر حملہ کرنے اور مسجد الاقصی کی توہین کرنے کے لیے فلسطینیوں کی لاشوں کے اوپر سے گزرنا ہو گا جبکہ فلسطینی عوام ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے مشرقی یروشلم، مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر قبضے کی پچاسویں برسی کے موقع پر ایک بڑی ریلی کے دوران خبردار کیا کہ فلسطینی عوام جنہوں نے سیف القدس میان سے کھینچ لی ہے،قابض حکومت کے خلاف ڈٹے رہیں گے۔
مزاحمتی گروپوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کی جارحیت کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور فلسطینی عوام غاصبوں کی سازشوں کو شکست دیں گے، مزاحمتی گروہوں نے تمام عرب اور اسلامی اقوام سے القدس کے عوام کی حمایت کے لیے اقدام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس کے دفاع کی جنگ ایک عرب، اسلامی اور نظریاتی جنگ ہے۔
مسجد اقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری جنہوں نے ایک ویڈیو کانفرنس میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، مسجد اقصیٰ میں مومنین کی موجودگی کی حمایت پر زور دیا اور کہا کہ یہ ریلی آپ کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کو ظاہر کرتی ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام یروشلم کے دفاع کے لیے ہر جگہ موجود ہیں۔