سچ خبریں: فلسطینی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ آج پیر 2 مئی کو فلسطین میں عید الفطر کے موقع پر ہزاروں فلسطینی مسلمانوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود مسجد الاقصیٰ میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دفتر اسلامی اوقاف کے مطابق آج تقریباً دو لاکھ افراد نے مسجد الاقصیٰ میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے آج صبح سے ہی القدس شہر کے داخلی راستوں اور مسجد الاقصیٰ کے دروازوں پر سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر رکھے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق شہر قدس کے پرانے حصے میں آج صبح سے ہی عید الفطر کی نماز میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں کی موجودگی دیکھی گئی۔
یروشلم کے علاوہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی سمیت فلسطین کے دیگر حصوں میں بھی لاکھوں فلسطینی نمازیوں نے عید الفطر کی نماز میں شرکت کی۔
فلسطین الیوم ویب سائٹ کے مطابق فلسطین میں اسلامی جہاد تحریک نے آج غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں اور کیمپوں میں عید الفطر کی نماز ادا کی اور اس پروقار تقریب میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔
آج پیر کو سعودی عرب، قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات، شام، مصر، عمان، جبوتی، اردن، مراکش، کویت، یمن، فلسطین، لبنان، سوڈان، تیونس، الجزائر، موریطانیہ، لیبیا، صومالیہ، انڈونیشیا، ترکی اور ملائیشیا سمیت بیشتر عرب ممالک نے عید الفطر کا اعلان کر دیا ہے۔ عراقی سنی اوقاف کے دفتر نے بھی آج شوال کا پہلا دن اور عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔